سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 29اکتوبر کو منعقد ہو ں گے

تین اہم عہدوں کے لئے 7 امیداروں کے درمیان مقابلہ ہوگا ،سب سے بڑا انتخابی دنگل لاہور میں سجے گا

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 16:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2020ء) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 29اکتوبر کو منعقد ہو گں گے ، الیکشن کیلئے تین اہم عہدوں کے لئے 7 امیداروں کے درمیان مقابلہ ہوگا اور سب سے بڑا انتخابی دنگل لاہور میں سجے گا۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 29 اکتوبر کوہوں گے جس میں لاہور سمیت ملک بھر سے 3 ہزار 177 ووٹرز ووکلا اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، سپریم کورٹ بار کے وکلا ء کی سب سے زیادہ تعداد 1 ہزار329 کا تعلق لاہور سے ہے جو لاہور رجسٹری میں ووٹ کاسٹ کریں گے۔

صدر کے عہدے کے لئے دو امیدواروں عبدالطیف آفریدی اور عبدالستار خان کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہوگا، اس مرتبہ دونوں صدارتی امیدواروں کا تعلق خیبر پختونخوا ہ سے ہے، نائب صدر کیلئے پنجاب سے تین امیدواربابر علی خلجی، محمد ارشد باجوہ چودھری اور محمد یونس خان نول میدان میں ہیں۔

(جاری ہے)

سیکرٹری کے عہدے کیلئے پنجاب سے احمد شہزاد فاروق رانا اور محمد عامر سہیل سلیمی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

پنجاب سے ممبر ایگزیکٹو کے لئے چار امیدواروں کے نام شامل ہیں، سپریم کورٹ بار کی انتخابی مہم میں امیدوار وں کے بینرز، فلیکسز، اشتہارات کے استعمال، وکلا ء کے اجتماعات اور کھانوں پر مکمل پابندی عائد ہے۔لاہور رجسٹری کے علاوہ ملتان، بہاولپور ، کراچی، پشاور ، کوئٹہ سمیت دیگر بڑے شہروں میں پولنگ سٹیشن قائم ہوں گے۔انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کا اعلان 29اکتوبر کو ہی کردیا جائے گا جبکہ نتائج کا باضابطہ اعلان 4 نومبر کو کیا جائے گا۔