وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے جلیل شرقپوری کی ملاقات، حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا،پنجاب اسمبلی کے واقعہ کی مذمت

آپ سے ناروا سلوک پر دلی دکھ ہوا،اپوزیشن اراکین کی حرکت قابل مذمت اورقابل افسوس ہے‘ سردارعثمان بزدار

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 20:48

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے جلیل شرقپوری کی ملاقات، حلقے کے مسائل سے آگاہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل احمد شرقپوری نے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے میاں جلیل احمدشرقپوری کے ساتھ پنجاب اسمبلی میں پیش آنے والے واقعہ کی مذمت کی۔میاں جلیل احمد شرقپوری نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے میاں جلیل احمد شرقپوری کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ آپ قابل احترام ہیں،پنجاب اسمبلی میں آپ سے ناروا سلوک پر دلی دکھ ہوا ۔سیاست میں شائستگی کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔اپوزیشن اراکین کی جانب سے کی گئی حرکت قابل مذمت اورقابل افسوس ہے۔

(جاری ہے)

اراکین پنجاب اسمبلی میرے دست و بازو ہیں اور انہیں عزت و احترام دیں گے -انہوںنے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں نے ون مین شو کے ذریعے تمام اختیارات اپنی ذات تک محدود رکھی-میرے دروازے آپ کے لئے ہر وقت کھلے ہیں ۔

اپوزیشن جماعتیں آگ سے کھیل رہی ہیں اور اپوزیشن کی جا نب سے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔پاکستان کے عوام باشعور ہیں اورکرپٹ عناصر کے جھانسے میں کبھی نہیں آئیںگے۔میاں جلیل احمد شرقپوری نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار پراعتماد کا اظہار کیا اورکہا کہ آپ شریف النفس وزیراعلیٰ ہیں ۔آپ نے ہمیشہ عزت دی ہے اور ہماری بات سنی ہے۔