غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یک جہتی کرتے ہیں، شاہ محمود قریشی

پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا جائز استصواب رائے دینے تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا ، بیان

منگل 27 اکتوبر 2020 22:13

غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یک ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تہتر(73) برس قبل آج کے دن قابض بھارتی افواج جموں وکشمیر میں کشمیری عوام کو غلام بنانے کی کوشش میں داخل ہوئی تھیں۔ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بہادر کشمیری اس وقت سے آج تک بھارت کے جبر واستبداد کے خلاف پوری جرات واستقامت سے ڈٹے ہوئے ہیں اورپورے عزم واستقلال سے اپنے حق خود ارادیت کی جدوجہد کے لئے برسرپیکار ہیں۔

جموں وکشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف یوم سیاہ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے پانچ اگست دوہزار انیس کو غیرقانونی اور یک طرفہ طورپراقدامات کئے جن کا مقصد غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت اور مقبوضہ خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا تھا۔

(جاری ہے)

پاکستان اور کشمیریوں نے دوٹوک طورپر قانون و انصاف کی اس کھلم کھلا پامالی کو مسترد کیا۔

ایک سال سے زائد عرصے میں بھارتی حکومت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے۔ اضافی فوجی دستوں کی تعیناتی اور غیرمعمولی میڈیا کمیونیکیشن بلیک آوٹ نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا ہے۔ عالمی برادری بھارتی ظلم واستبداد کی مذمت کررہی ہے اور دنیا کی سب سے بڑی نام نہاد ’جمہوریت‘ ہونے کا دعوی پوری طرح بے نقاب ہوچکا ہے۔

پاکستان مطالبہ کرتا ہے کہ فی الفور فوجی محاصرہ اور میڈیا بلیک آوٹ ختم کیاجائے، فوری طورپر کشمیری عوام کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں، کشمیری رہنماوں اور نوجوانوں کو رہااور ظالمانہ قوانین کی آڑ میں قابض بھارتی فوج کا بہیمانہ جبر واستبداد اورمظالم روکے جائیں۔ ہم عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ بھارت پر دباو ڈالے کہ وہ غیرقانونی طورپر اپنے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں اپنے یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات واپس لے اور کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق بحال کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہم غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یک جہتی کرتے ہیں اور اپنے کشمیری بھائیوں بہنوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کاندھے سے کاندھا ملا کر ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ پاکستان اس وقت تک کشمیریوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا جب تک انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا جائز استصواب رائے کا حق نہیں مل جاتا۔