کمشنر حیدرآباد کی زیر صدارت بذریعہ ویڈیو لنک انسداد پولیو مہم کی تیاریوں سے متعلق ڈویژنل ٹاسک فورم کا جائزہ اجلاس

ماحولیاتی سیمپل ابھی بھی پوزیٹیو آ رہا ہے جب تک یہ ماحولیاتی سیمپل بھی نیگیٹیو نہیں ہو جاتا ہمارے لیے یہ چیلنج رہنا چاہیے، کمشنر

منگل 27 اکتوبر 2020 23:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے اپنے دفتر میں بذریعہ ویڈیو لنک حیدرآباد ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کے ساتھ 2 نومبر 2020 سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں ںسے متعلق ڈویژنل ٹاسک فورس کا جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ا جلاس میں ایڈیشنل کمشنر طاہر میمن ، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر لالہ جعفر، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے جبکہ حیدرآباد ڈویزن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں ڈویزنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اضلاع کے تمام انڈیکیٹرز کو مزید بہتر بنا کر فیلڈ میں جائیں کیونکہ اس وقت کورونا کے ساتھ پولیو بھی ہمارے لیے چیلنج ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی سیمپل ابھی بھی پوزیٹیو آ رہا ہے جب تک یہ ماحولیاتی سیمپل بھی نیگیٹیو نہیں ہو جاتا ہمارے لیے یہ چیلنج رہنا چاہیے، کمشنر حیدرآباد نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مزید ہدایت دی کہ وہ اپنے اضلاع میں موجود غیر فعال صحت کی سہولتوں کے مراکز اور ای پی آئی سینٹرز کی تفصیلی رپورٹ جمع کروائیں جس میں ایس این ای کے اسٹیٹس کے بغیر غیر فعال صحت کی سہولتوں کے مراکز اور دیگر بھی شامل کیے جائیں۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے ڈویزن کے تمام صحت سہولت کے مراکز کو فعال بنانا ہے تاکہ عوام کو یونین کونسل کی سطح پر صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ان مراکز کو فعال بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے، اس کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں اور صحت کے سہولت مراکز میں فراہم کی جانے والی سہولیات کی بھی مسلسل نگرانی کی جائے۔

انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مزید ہدایت دی کہ وہ اپنے اضلاع کی انسداد پولیو مہم کی پرفارمنس اور نگرانی کے عمل کو مزید بہتر بنائیں جبکہ پیدائشی بچوں کی (زیرو ڈوز) کی کوریج اور معمول کے حفاظتی ٹیکوں کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے جبکہ انکاری کیسز کو ہر صورت زیرو پر لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مصنوعی مہنگائی کے خاتمے کے لیے انتظامیہ اپنا منفردکردار ادا کرے ،انہوں نے تمام ڈی سیز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اضلاع کے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرولر ہیں لہذا اپنے اضلاع میں اشیاخوردنوش کے پرائس کنٹرول کرنے کے اقدامات تیز کریں اور مصنوعی مہنگائی کرنے والے عناصر کے خلاف اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

اس موقع پر تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں سے متعلق حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈویڑنل کمشنر حیدرآباد نے ڈی سیز کو ہدایت کی کہ وہ ہر صورت میں اشیائے خورد و نوش کی سرکاری قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنائیں اور گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔کمشنر حیدرآباد کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں فارمرز مارکیٹ کا انعقاد کیا جاتا ہے جس سے نہ صرف مقامی لوگوں کو بلکہ فارمرز کو بھی فائدہ ہوتاہے لہذا فارمرزمارکیٹوںکا انعقاد کیا جائے تاکہ عوام کو مقامی طور پر پیدا ہونے والی اشیاسستے داموں حاصل ہوسکے۔

اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر طاہر میمن کی جانب سے ڈویزن کے تمام اضلاع کی پچھلی کارکردگی اور 2 نومبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو اور دیگر ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے وڈیو لنک کے ذریعے اپنے اپنے اضلاع میں انسداد پولیو مہم سے متعلق مائیکرو پلان اور معمول کے حفاظتی ٹیکوں سے متعلق کارکردگی رپورٹ، فیلڈ میں درپیش مسائل سمیت اشیائے خورد و نوش کے پرائس کنٹرول کے اقدامات سے متعلق اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔