ماں باپ کی بے حسی کی وجہ سے کئی دن تک گھر میں اکیلی رہنے والی نومولود بچی جاں بحق

مصر میں پیش آئے واقعے کے بعد دونوں میاں بیوی کو گرفتار کر لیا گیا، گھریلو جھگڑے کے بعد بچی کی ماں اپنے والدہ کے گھر جبکہ والد دفتری کام کے سلسلے میں شہر سے باہر چلا گیا تھا

muhammad ali محمد علی بدھ 28 اکتوبر 2020 00:14

ماں باپ کی بے حسی کی وجہ سے کئی دن تک گھر میں اکیلی رہنے والی نومولود ..
قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اکتوبر2020ء) ماں باپ کی بے حسی کی وجہ سے کئی دن تک گھر میں اکیلی رہنے والی نومولود بچی جاں بحق۔ تفصیلات کے مطابق مصر میں پیش آئے ایک دلخراش واقعے نے ہر شخص کو رنجیدہ کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بے حس ماں باپ کی غفلت کی وجہ سے 4 ماہ کی بچی دم توڑ گئی۔ 28 سالہ شخص اور اس کی 24 سالہ بیوی کے ہاں 4 ماہ قبل بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی، اس سے قبل ان کا ایک بیٹا تھا۔

ایک دن دونوں میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے بعد بچی کی ماں اپنے بیٹے کو ساتھ لے کر گھر سے نکل گئی۔ خاتون نے شوہر سے جھوٹ بولا کہ وہ کچھ خریداری کیلئے مارکیٹ جا رہی ہے، پھر گھر واپس آ جائے گی۔ تاہم خاتون گھر واپس آنے کی بجائے بیٹے کو ساتھ لے کر اپنے ماں کے گھر چلی گئی۔ خاتون گھر سے جاتے ہوئے 4 ماہ کی بیٹی کو گھر میں ہی اکیلا چھوڑ گئی۔

(جاری ہے)

جبکہ گھر میں موجود اس کا شوہر بھی بیٹی کی گھر میں موجودگی سے غافل اپنے دفتر چلا گیا، جہاں سے اسے کام کے سلسلے میں شہر سے باہر جانا پڑ گیا، اور ایک ہفتے تک گھر واپسی نہ ہوئی۔ اس دوران 4 ماہ کی بچی 9 دن تک گھر میں اکیلی رہی اور انتقال کر گئی۔ 9 روز بعد جب بچی کا والد گھر واپس آیا تو بچی کو مردہ پا کر فوری پولیس کو اطلاع دی۔ شوہر نے تمام تفصیلات بتا کر بیوی پر الزام عائد کیا کہ اس کے جھوٹ بولنے کی وجہ سے موت واقع ہوئی۔

شوہر کا کہنا ہے کہ اس بیوی اسے کچھ وقت کیلئے گھر سے باہر جانے کا کہہ کر نکلی تھی، اس کا خیال تھا کہ بیوی گھر واپس آ جائے گی، اس لیے وہ دفتر کیلئے نکل گیا۔ تاہم اہلیہ گھر واپس نہیں آئی اسی وجہ سے گھر میں موجود بچی اکیلی رہ جانے کی وجہ سے انتقال کر گئی۔ جبکہ بچی کی ماں کا کہنا ہے کہ اس کا خیال تھا کہ شوہر گھر پر ہے وہ بچی کو سنبھال لے گا، اسی لیے وہ بیٹے کو لے کر گھر سے چلی گئی۔ پولیس نے بیانات ریکارڈ کرنے کے بعد دونوں میاں بیوی کو گرفتار کر لیا۔