وزیراعظم غلط معاشی اعدادو شمار پیش کر کے اپنی بے خبری کا اعلان کر رہے ہیں،ہدایت الرحمن

بدھ 28 اکتوبر 2020 21:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2020ء) جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی بلوچستان ہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ حکمران بھنگ پی کر نشہ آور خوابوں کی دنیا میں گم ہیں ۔وزیراعظم مہنگائی ، بے روزگاری ، افراط زر کے حل میں ناکام اور غلط معاشی اعدادو شمار پیش کر کے اپنی بے خبری کا اعلان کر رہے ہیں ۔ حالات خطرناک شکل اختیار کر رہے ہیں ۔

عمران خان گھبرائے ہوئے ہیں ، حکومت چلانا ان کے بس کا روگ نہیں ۔ اپنے سیاسی مخالفین اور ریاستی قوتوں کو کھلی دھمکیاں لگارہے ہیں ۔ یہ تاثر خود عمران خان نے پیدا کردیاہے کہ وہ بے بس اورمجبور حکمران قیدی ہیں ،ایسی صورتحال میں کوئی بھی سیاسی جمہوری حادثہ ہوسکتاہے ۔ ریاست، حکومت وجمہوری قوتیں بحرانوں سے نکلنے کے لیے حل تلاش کریں ۔

(جاری ہے)

آئین سے ماورا کوئی حل بہت خطرناک ہو گا ان خیالات کا اظہارانہوں نے پنجگور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہون نے کہاکہ جماعت اسلامی کی تحریک عوام کے مسائل کا حل ہے ، ہم اپنے مفادات یا چوری کے مال کی حفاظت کے لیے نہیں، حکومتی ریاستی جبر سے عوام کو آزاد کرانے کے لیے ہے ۔

ریاستی ادارے ریاست کے سیاسی جمہوری عمل سے بے دخل ہوں ، عوام آزاد مرضی سے اپنی قیادت لانے اور نکالنے کا خود فیصلہ کریں ملک میں سیاسی ہنگامے اور حکومت کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے کشمیر کا مسئلہ نظر انداز ہو رہاہے ۔ حکومت اور ریاست مسئلہ کشمیر پر عوامی احساسات، جذبات اور خواہشات کے برخلاف جارہی ہے ۔ زندگی میں نیک اعمال کرنے والے کو موت امر کر دیتی ہے ۔ انسانوں میں اتحاد ،وحدت اور محبت کی بنیاد پر کام کرنے والا ہی مثالی انسان ہے ۔ پوری انسانیت محسن انسانیت ؐ کے اسوہ اور نظام کو اختیار کرے تو امن ، استحکام اور خوشحالی ان کا مقدر بن جائے گی ۔