صدر مملکت عارف علوی کی قوم کو عید میلا د النبی ؐکی مبارک باد

اسلام کو صحیح طور پر سمجھنے اور سمجھانے کے لئے سیرت پاک ؐ کو پیشِ نظر رکھنا اور اس پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے، صدرمملکت

جمعرات 29 اکتوبر 2020 18:29

صدر مملکت عارف علوی کی قوم کو عید میلا د النبی ؐکی مبارک باد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2020ء) صدر مملکت عارف علوی نے عید میلادالنبی ؐ کے مبارک موقع پر قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ اسلام کو صحیح طور پر سمجھنے اور سمجھانے کے لئے سیرت پاک ؐ کو پیشِ نظر رکھنا اور اس پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔ جمعرات کو صدر مملکت عارف علوی نے عید میلادالنبی ؐ 1442ھ، 2020 کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہاکہ عید میلادالنبی ؐ کے مبارک موقع پر آپ سب کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔

انہوںنے کہاکہ 12 ربیع الاول کے دن ہمارے پیارے نبی حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبیین ؐ جو کہ رحمت للعالمین ہیںپیدا ہوئے۔آپ ؐ کی بدولت جہالت اور ظلم و جبر کے اندھیروں کا خاتمہ ہوا اور دنیا کی عدل و انصاف، مساوات اور رحمت کے نور سے آبیاری ہوئی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اللہ نے آپ ؐ کو قیامت تک کیلئے تمام انسانوں کے لئے رسول بنا کر بھیجا اور پوری انسانیت کی فلاح یقینا آپ ؐ کی سنت ِ طیبہ کی پیروی میں ہے۔

حضور ؐ کی سیرتِ طیبہ ہم سب کیلئے بہترین نمونہ ہے اور اسلام کو صحیح طور پر سمجھنے اور سمجھانے کے لئے سیرت پاک ؐ کو پیشِ نظر رکھنا اور اس پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوںنے کہاکہ دورِ اول میں لوگوں کو اسلام کی طرف راغب کرنے کا باعث قرآنِ پاک اور رسول اللہ خاتم النبیینؐ کی شخصیت ہی تھی۔ انہوںنے کہاکہ آپؐ کی حیاتِ طیبہ سے ہمیں امن، بھائی چارے اور باہمی احترام کا درس ملتا ہے،آپ ؐ نے جنگ میں بھی حدودقیود کی پابندی کی ، غلاموں، عورتوں اور بے سہارا لوگوں کو ریاستی سطح پر حقوق دیے اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بنیاد ڈالی۔

انہوںنے کہاکہ پیغمبرِاسلام ؐ کے اسوہِ حسنہ کی اسی اہمیت کے پیش نظر آپ ؐ کی حیات و تعلیمات کے فروغ و اشاعت کے لئے ہم سب کو بھر پور اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور ہماری زندگی میں بھی انہی تعلیمات کا عکس نظر آنا چاہیے۔افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ مغرب میں حضورؐ کی شان میں اہانت اور گستاخی کے قابلِ مذمت واقعات ہوئے جس پر دنیا بھر کے مسلمانوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، ایسے اقدامات نفرت اور تقسیم کا باعث بنتے ہیں اور بین المذاہب امن اور مکالمے کی روح کے خلاف ہیں۔

انہوںنے کہاکہ میں عالمِ اسلام کے رہنمائوں سے اپیل کروں گا کہ وہ سب حرمتِ رسول ؐ کے تحفظ کیلئے ایک متفقہ مطالبہ عالمی اداروں کے سامنے پیش کریں کہ وہ حضورؐ کی ذات پاک کا احترام یقینی بنائیں اور ان کی اہانت سے گریز کریں۔ ہمیں اسلاموفوبیا سے نمٹنے اور اسلام کے حقیقی پیغام کو اجاگر کرنے کیلئے حضورؐ کی حیات طیبہ اور قرآن ِپاک کے پیغام کو دنیا بھرمیں عام کرنا ہو گا ۔

انہوںنے کہاکہ میں اس مبارک موقع پر پوری قوم سے اپیل بھی کروں گا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خطرہ بڑھ رہا ہے،اس لیے ہم سب کو سخت احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ عیدمیلاد النبیؐ کی تمام تقریبات میں احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا جائے تاکہ یہ تقاریب وائرس کے پھیلا کا ذریعہ نہ بن سکیں۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں نبی اکرم خاتم النبیینؐ کے اسوہِ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے اور وطن عزیز کو ترقی و خو شحالی کی راہ پر گامزن فرمائے۔ آمین۔