چئیرمین نیب کا بلیو ورلڈ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم کے مبینہ دھوکہ دہی سے عوام سے اربوں لوٹنے کی شکایا ت کا نوٹس

ڈی جی نیب راولپنڈی کو تحقیقات کا حکم

جمعرات 29 اکتوبر 2020 19:05

چئیرمین نیب کا بلیو ورلڈ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم کے  مبینہ  دھوکہ دہی سے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2020ء) قومی احتساب بیورو (نیب )کے چئیرمین جسٹس جاوید اقبال نے بلیو ورلڈ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم کی جانب سے عوام الناس سے مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کے ذریعے اربوں روپے لوٹنے کی شکایا ت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب راولپنڈی کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بلیو ورلڈپرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم نے آر ڈی اے سے لے آؤٹ پلان اور NOC کی منظوری کے بغیر غیر قانونی طور پر پلاٹوں کی نہ صرف بکنگ جاری رکھی بلکہ بڑے پیمانے پر تشہیر کر کہ عوام الناس سے مبینہ طور پر اربوں روپے لوٹے۔

مزید بر آں راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چئیرمین طارق محمود مرتضیٰ نے بھی بلیو ورلڈ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم کی غیر قانونی سر گرمیوں، عوام کو بڑے پیمانے پر لوٹنے اور آر ڈی اے کی طر ف سے کئے گئے اقدامات سے نیب کو آگاہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

چئیرمین نیب نے ڈی جی نیب کو ہدایت کی ہے کہ بلیو ورلڈ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم کی غیر قانونی سرگرمیوں کی تحقیقات کے علاوہ عوام کی لوٹی ہوئی رقوم کی بر وقت واپسی کے لئے تما م قانونی اقدامات اٹھائے جائیں۔

چئیرمین نیب نے عوام سے بھی کہا ہے کہ وہ کسی بھی ہاوسنگ سوسائٹی میں سرمایہ داری سے پہلے اس بات کی اچھی طرح جانچ پڑتال کر لیں کہ آیا متعلقہ ہاؤسنگ سوسائٹی نے قواعد وضوابط کے مطابق قانونی طور پر لے آؤٹ پلان اور NOCحاصل کر رکھی ہے یا نہیں۔اگر متعلقہ سوسائٹی کے پاس قانونی دستاویزات موجود نہ ہوں تو سرمایہ کاری سے گریز کیا جائے۔ نیب نے میڈیا اور تما م اشتہاری ایجنسیوں سے بھی کہا ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سوسائٹی کی تشہیر سے پہلے متعلقہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی قانونی حیثیت کے بغیر اشتہارت کو شائع کرنے سے گریز کریں تاکہ عوام الناس کو دھوکہ دہی اور مالی نقصان سے بر وقت بچایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :