چھاتی کے سرطان کے مکمل خاتمہ کیلئے تعاون،ہم آہنگی اور جامع حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے ،وزیر اعظم شہباز شریف

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 20:27

چھاتی کے سرطان کے مکمل خاتمہ کیلئے  تعاون،ہم آہنگی اور جامع حکمت عملی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چھاتی کا کینسر دنیا میں سب سے زیادہ تیزی سے پھیلنے والے امراض میں شامل ہے،اس مرض کے مکمل تدارک کے لیے عوام کی طرف سے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون، ہم آہنگی اور جامع حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے، اس عزم کا اعادہ کریں کہ تمام شہری و دیہی علاقوں میں اس مرض سے متعلق آگاہی ہر گھرانے ہر خاتون تک پہنچے تاکہ جلد تشخیص اورجلد علاج سےاس مرض کو شکست دیتے ہوئے زندگیاں بچائی جا سکیں۔

ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم نے چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ اکتوبر کا مہینہ چھاتی کے کینسر سے متعلق کی آگاہی کے طور پر منایا جاتا ہے بالخصوص 19 اکتوبر کا دن بریسٹ کینسر سے متعلق اگاہی کے لئے بین الاقوامی سطح پر متعین کیا گیا ہے، یہ دن بلا شبہ ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اس مرض کی روک تھام، جلد تشخیص اور علاج کے لیے قومی سطح پر عزم کا اعادہ کریں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ چھاتی کا کینسر دنیا بھر میں سب سے زیادہ تیزی سے پھیلنے والے امراض میں شامل ہے جس کی روک تھام کے لئے عالمی اور قومی سطح پر موثر اقدامات کرنا ناگزیر ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس مرض کی جلد تشخیص مریض کی مکمل صحتیابی کے امکانات کو روشن کر دیتی ہے تاہم پاکستان میں اس مرض کی دیر سے تشخیص ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قومی سطح پر اس صورتحال کا ادراک اور اس کے تدارک کے لیے حکومتی اقدامات اور عوامی سطح پر احتیاطی تدابیر کو اپنانا نہایت ضروری ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس مرض سے متعلق آگاہی مہم میں بالخصوص اس پہلو پر کام کرنے کی ضرورت ہے کہ اس مرض کو چھپانے کی بجائے اس کی جلد تشخیص اور ڈاکٹر سے جلد رابطے کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حالیہ سالوں میں شہری علاقوں میں اس مرض کی آگاہی میں خاصی بہتری آئی ہے تاہم دیہی علاقوں میں آگاہی مہم پر مزید موثر طور پر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

وزارت قومی صحت اس تناظر میں لیڈی ہیلتھ ورکرز اور دیگر صحت کے مقامی عملہ کے ذریعے دیہی، علاقائی اور کمیونٹی سطح پر تشخیص، علاج اور جلد ڈاکٹر سے رابطے کے لیےکام کر رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس سلسلے میں میڈیا اور دیگر تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی آگاہی مہم "خاموشی کو توڑیں جلد تشخیص زندگی بچاتی ہے" کے عنوان سے مہم جاری ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اسکے علاوہ ملکی سطح پر اس مرض کی ڈیٹا کلیکشن اور قومی سطح کی معیاری موثرحکمت عملی کی تشکیل پر کام جاری ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی بریسٹ کینسر آگاہی کے دن کو مناتے ہوئے وزارت قومی صحت پورے ملک میں تشخیصی مراکز اور تعلیمی اداروں میں سیمینار کا انعقاد کر رہی ہے جو خوش ائند ہے تاہم مزید موثر اور ہنگامی بینادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس مرض کے مکمل تدارک کے لیے عوام کی طرف سے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون، ہم آہنگی اور جامع حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔آئیے آج کے دن اس عزم کا اعادہ کریں کہ ہمارے تمام شہری، دیہی علاقوں میں اس مرض کی آگاہی ہر گھرانے ہر خاتون تک پہنچے تاکہ جلد تشخیص اورجلد علاج سےاس مرض کو شکست دیتے ہوئے زندگیاں بچائی جا سکیں۔