سیکیورٹی فورسز نے بھارت کے حمایت یافتہ 34 خوارجی دہشتگرد جہنم واصل کردیئے

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں سپین وام، جنوبی وزیرستان اور ضلع بنوں میں آپریشنز کئے، علاقے میں موجود دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 18 اکتوبر 2025 21:55

سیکیورٹی فورسز نے بھارت کے حمایت یافتہ 34 خوارجی دہشتگرد جہنم واصل کردیئے
راولپنڈی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 18 اکتوبر 2025ء ) سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھارت کے حمایت یافتہ 34 خوارجی دہشتگرد جہنم واصل کردیئے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 13 تا 15 اکتوبر 2025 کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے، سکیورٹی فورسز نے بھارت کے حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 34 خوارج ہلاک کر دیے گئے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثرانداز میں نشانہ بنایا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 18 خوارج ہلاک کر دیئے گئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں بھی ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن میں 8 خوارج کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان تیسری جھڑپ ضلع بنوں میں ہوئی۔ سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کاروائی کے دوران 8 خوارج کو جہنم واصل کردیا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔