سفیربرائے انسانی حقوق انیسہ صدیقی کی ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد پولیس سے ملاقات

مختلف علاقوں میں منشیات فروشوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں سے آگاہ کیا

جمعرات 29 اکتوبر 2020 21:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2020ء) پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ کی سینئر نائب صدر حیدرآباد ریجن / سفیر برائے انسانی حقوق انیسہ صدیقی نے ایڈیشنل آئی جی پولیس حیدرآباد ریجن ڈاکٹر جمیل احمد اور ایس ایس پی عدیل حسین چانڈیو سے ملاقات کی اور انہیں حیدرآباد سمیت قاسم آباد اور لطیف آباد کے مختلف علاقوں میں منشیات فروشوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ ان علاقوں میں رات 8بجے کے بعد گلیوں میں منشیات فروش سرگرم ہوجاتے ہیں اور کھلے عام چرس، افیون، ہیروئن اور کچی شراب کی فروخت شروع ہوجاتی ہے جبکہ بیشتر علاقوں میں چھوٹے بچوں اور خواتین بھی اس کام میں سرگرم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ دنوں سے مذکورہ علاقوں کے لوگوں نے کئی بار ہمیں شکایت کی جس کی میں نے شکایت متعلقہ پولیس کو دی مگر وہ بھی بے بس نکلی اور کچھ نہیں کیا ، انہوں نے کہاکہ ان علاقوں میں رہنے والی خواتین اور بچے سخت پریشانی کا شکار ہیں سرشام ہی گھروں میں محصور ہوکر رہ جاتے ہیں اور منشیات فروش کھلے عام ان علاقوں میں گھناؤنے کاروبار میں مصروف رہتے ہیں جس کی سرپرستی پولیس کرنے میں مصروف عمل رہتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایڈیشنل آئی جی پولیس حیدرآباد ریجن ڈاکٹر جمیل احمد اور ایس ایس پی عدیل حسین چانڈیو سے اپیل کی کہ مذکورہ علاقوں میں منشیات فروشوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔ جس پر اے آئی جی اور ایس ایس پی نے انہیں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔