عید میلاد النبیﷺ21توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز

ملک بھر میں نبی آخرالزماں خاتم المرسلینﷺ کی آمد کا جشن جوش و جذبے سے منایا جائے گا

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 30 اکتوبر 2020 05:04

عید میلاد النبیﷺ21توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اکتوبر2020ء) آج کا مبارک دن شروع ہو چکااور دن کا آغاز لاہور میں 21توپوں کی سلامی دے کر کیا گیا۔آج ملک بھر میں تحفظ ناموس رسالتﷺ کے جلسے جلوس منعقد ہوں گے اور حضور نبی پاکﷺ کی شان کے قصیدے پڑھے اور انسانیت کو امن کا درس دیا جائے گا۔لاہور میں یادگار شہدا پر عید میلاد البنیﷺ کی خوشی میں 21توپوں کی سلامی دی گئی۔

نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفےٰ ﷺکے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر جشن عید میلاد النبی 12 ربیع الاول 30 اکتوبر جمعة المبارک کے مبارک دن پر مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔عید میلاد النبی ﷺکے سلسلے میں ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے اور ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا جبکہ اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئیں ہیں۔

(جاری ہے)

تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جشن عید میلاد النبی ﷺکے جلوس نکالے جائیں گے جس میں درود و سلام کی صدائیں بلند کرتے عاشقان رسول شرکت کریں گے۔یہ جلوس اپنے طے شدہ راستوں سے گزر کر منزل مقصود پر پہنچیں گے۔ مختلف اداروں میں سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ ملک بھر کی مساجد میں علمائے کرام و خطیب اور مشائخ عظام جمعة المبارک کے خطبات میں ولادت باسعادت حضرت محمد مصطفےٰ ﷺ پر روشنی ڈالیں گے۔

مختلف مقامات پر دودھ کی سبیلیں لگائی جائیں گی، کیک کاٹے جائیں گے اور لنگر تقسیم کیا جائے گا۔ فرزندانِ اسلام کی جانب سے جشن عید میلاد النبیﷺکے شایان شان انعقاد کے لیے بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں۔ نبی پاک ﷺ کے یوم ولادت کے سلسلے میں تمام سرکاری ونیم سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا۔منبر و محراب سے حضور نبی پاک ﷺ سے بے لوث محبت اور ایمان کی تکمیل کے درس دیے جائیں گے۔