مسلسل جھوٹ اور پراپیگنڈے نے بھارت کو اندرون و بیرون ملک رسوائی کا سامان بنادیا، ڈی جی آئی ایس پی آر

بھارتی فوج اور اُس کے سیاسی آقا کو پاکستانی قوم اور افواج کے عزم کا احساس ہونا چاہیئے، ہر جارحانہ عمل کا جواب تیز، پختہ اور زوردار انداز میں دیا جائے گا جو آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی؛ ترجمان پاک فوج کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 15 اکتوبر 2025 11:17

مسلسل جھوٹ اور پراپیگنڈے نے بھارت کو اندرون و بیرون ملک رسوائی کا سامان ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر2025ء ) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ معرکۂ حق کو گزرے پانچ ماہ ہو چکے مگر بھارت اپنے بے بنیاد اور جھوٹے پروپیگنڈے سے باز نہیں آیا اور بھارتی عسکری قیادت نے ایک بار پھر اشتعال انگیز مہم شروع کر دی ہے جس کا مقصد بہار اور مغربی بنگال کے ریاستی انتخابات میں سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق بھارت ماضی کی طرح الیکشن سے پہلے پاکستان مخالف بیانیہ چلا رہا ہے اور فوجی قیادت کی طرف سے دیئے جانے والے غیرذمہ دارانہ بیانات سیاسی دباؤ کے تحت افسوسناک نوعیت اختیار کر گئے ہیں، ایسے بیانات خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتے ہیں، پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور امن چاہتا ہے مگر دشمن کے جھوٹے بیانیے کا ہر سطح پر جواب دیا جائے گا تاکہ حقائق کو صحیح تناظر میں عوام تک پہنچایا جا سکے اور پروپیگینڈہ بے نقاب ہو۔

(جاری ہے)

فوج کے ترجمان ادارے کا کہنا ہے کہ مسلسل جھوٹ اور پراپیگنڈے نے بھارت کو اندرون و بیرون ملک رسوائی کا سامان بنادیا، سیاسی دباؤ میں دیئے گئے بیانات ناصرف جنگی جنون کو ہوا دیتے ہیں بلکہ خطے میں کشیدگی کو بڑھاتے ہیں، ایسے اشاروں اور بیانات کا مقصد اندرونی ووٹر بیس کو متاثر کرنا ہے، وہی حکمتِ عملی جو ہر ریاستی الیکشن سے قبل دیکھی جاتی رہی ہے، حالات کا قابلِ تحمل اور ذمہ دارانہ حکمتِ عملی کے تحت جواب دیا جائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی فوج اور اُس کے سیاسی آقا کو پاکستانی قوم اور افواج کے عزم کا احساس ہونا چاہیئے، ہر جارحانہ عمل کا جواب تیز، پختہ اور زوردار انداز میں دیا جائے گا جو آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی، دفاعی ادارے اپنے عوام اور سرحدی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر وقت چوکس اور تیار ہیں، امن کی کوششوں اور حقائق کی ترویج جاری رہے گی تاکہ کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا اشتعال انگیزی کو وقت پر کنٹرول کیا جا سکے۔