ترکی میں زلزلے کے شدید جھٹکے، کئی بلند و بالا عمارتیں گر گئیں

ترکی کا شہر ازمیر 7 شدت کے زلزلے سے لرز اٹھا،ساحلی شہر میں سمندر کی سطح بلند ہوگئی ، پانی آبادی میں داخل ہو گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 30 اکتوبر 2020 17:53

ترکی میں زلزلے کے شدید جھٹکے، کئی بلند و بالا عمارتیں گر گئیں
ازمیر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اکتوبر2020ء ) ترکی، بلغاریہ، یونان ،برطانیہ ،مصر اور لیبیا میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں جب کہ ترکی کا شہر ازمیر زلزلے کی شدت سے لرز اٹھا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکی کے شہر ازمیر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 7 ریکارڈ کی گئی جبکہ ازمیر کے قریب ساحلی شہر میں سمندر کی سطح بلند ہوگئی ہے اور پانی آبادی میں داخل ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

زلزلے کے جھٹکے بلغاریہ ،یونان، برطانیہ، مصر اور لیبیا میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ زلزلے کی وجہ سے کئی عمارات کے زمین بوس ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں ۔زلزلے کے باعث بھاری جانی اور مالی نقصان کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ زلزلے کے خوف سے لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے ہیں۔ زلزے کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس بھی پھیل گیا ہے۔