لسٹیں بن گئیں ، ایف آئی اے کو ایک ہزار210 بڑے ملزمان کی تلاش

بانی ایم کیو ایم الطاف حسین اور محمد انوراس فہرست میں شامل ہیں ، سابق وزیراعظم شوکت عزیز، ن لیگ کے رہنما ناصرمحمود بٹ اور شجاع خانزادہ بھی اس فہرست کا حصہ ہیں

Sajid Ali ساجد علی بدھ 11 نومبر 2020 11:25

لسٹیں بن گئیں ، ایف آئی اے کو ایک ہزار210 بڑے ملزمان کی تلاش
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین - 11 نومبر 2020ء) ایف آئی اے کو انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست جاری کردی گئی ، وفاقی تحقیقاتی ادارے کو ایک ہزار210 بڑے ملزمان کی تلاش ہے۔ تفصیلات کے مطابق انتہائی مطلوب ملزمان میں بانی ایم کیوایم الطاف حسین اور محمد انوراس فہرست میں شامل ہیں ، سابق وزیراعظم شوکت عزیز، ن لیگ کے رہنما ناصرمحمود بٹ اور شجاع خانزادہ بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ سابق صدر پرویزمشرف اور شوکت عزیز پرخودکش حملہ کرنے والے ملزمان کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے ، پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدرگیلانی کے اغوامیں ملوث ملزمان بھی اس فہرست کا حصہ ہیں ، جب کہ ممبئی حملہ کیس میں نامزد ملزمان بھی فہرست میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف فیڈرل انویسٹی ایجنسی کی طرف سے کراچی میں کی گئی کارروئی میں ’را‘ کا مبینہ جاسوس پکڑا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں یہ کارروائی ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ کی طرف سے عمل میں لائی گئی ، جس کے نتیجے میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے نیٹ ورک کے لیے کام کرنے والے مبینہ کارندے کو گرفتار کرلیا گیا ، حراست میں لیے گئے ملزم کا نام عبدالجبار بتایا گیا ہے، جس کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہونے کا انکشاف ہوا ، جو کراچی میں بدنام زمانہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے سلیپر سیل کے لیے کام کررہا تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق گرفتار کیا گیا ملزم بم تیارکرنے اور جدید ہتھیار چلانے میں مہارت رکھتا ہے ، جب کہ یہ دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے تربیت حاصل کرنے 4 بار بھارت بھی گیا ، جہاں سے کراچی میں اس کو تمام ہدایات بھارتی شہری محمود صدیقی کی طرف سے دی جاتی تھیں ، جب کہ ملزم عبدالجبار اپنے بھارتی ہینڈلر محمود صدیقی کی طرف سے بھیجی گئی حوالہ ہنڈی کی رقم وصول کیا کرتاتھا، جو کہ بعد ازاں شہر قائد میں ہونے والی دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر وارداتوں کے لیے استعمال ہوتی تھی۔