تحریک انصاف کی حکومت عوام کیلئے واقعی سونامی ثابت ہوئی ہے ‘ صابر نمبردار

حکمرانوںکی انتقام کی آگ انہیں ہی جھلسانے کا سبب بھی بن سکتی ہے‘ رہنما مسلم لیگ

جمعہ 20 نومبر 2020 11:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما صابر نمبردار نے کہا ہے کہ حکمرانوں کا جانا نوشتہ دیوار ہے اس لئے ادھورے منصوبوں کے افتتاح کئے جارہے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت عوام کے لئے واقعی سونامی ثابت ہوئی ہے اور آج عوام تین سے ایک وقت کی روٹی پر آ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے دفتر میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم احتساب کے خلاف نہیں لیکن حکومت نیب ، ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن کے ذریعے جو اقدامات اٹھا رہی ہے وہ ہرگز احتساب نہیںبلکہ حکومت طاقت کے بل بوتے پر مخالفین کودیوار کے ساتھ لگا رہی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ وقت سدا ایک جیسا نہیںرہتا اس لئے حکمران اپنی انتقام کی آگ کو ٹھنڈا کرنے کے لئے اس پر پانی ڈالیں کیونکہ یہ آگ انہیں ہی جھلسانے کا سبب بھی بن سکتی ہے۔