انسانیت کی اعلیٰ مثال،خاتون اپنی جمع پونچی آوارہ کتوں کی خوراک پر خرچ کرنے لگی

آوارہ کتوں کے کھانے سے لے کر ادویات تک وہ اپنے جیب خرچ سے پوری کرتی ہیں

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 21 نومبر 2020 07:20

انسانیت کی اعلیٰ مثال،خاتون اپنی جمع پونچی آوارہ کتوں کی خوراک پر خرچ ..
حیدرآباد، بھارت (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 نومبر2020ء) دنیا بھر میں جہاں انسانیت سوز واقعات دیکھنے کو ملتے ہیں وہاں انسانیت کا سر فخر سے بلند کرنے والے بھی کئی واقعات جنم لیتے رہتے ہیں۔اسی طرح کی انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کرنے والی بھارت کی ریاست حیدرآباد کی ایک خاتون ہے جو اپنی جمع پونجی سے آوارہ کتوں کو نہ صرف کھانا کھلاتی ہے بلکہ ان کی ادویات کا بندوبست بھی کرتی ہے۔

بیمار ہونے پر انہیں دوائی دیتی ہے اور ویکسین بھی خود ہی لگاتی ہے۔شائلجہ نامی ایک خاتون جو کہ آئی ٹی کی ایک کمپنی میں ملازمت کرتی ہے وہ اپنے فری وقت میں آوارہ پھرنے والے کتوں کو ویکسین لگاتی اور ان کی مزاج پرسی کرتی نظر آتی ہے۔اس کا یہ رضاکارانہ سفر 2018میں شروع ہوا جب اس نے ایک کتے کا پلہ گود لیا۔

(جاری ہے)

خاتون کا کہنا ہے کہ شروع میں اسے کتوں سے ڈر لگتا تھا مگر جب اس کے والدین نے اسے کتے کے پلے کا تحفہ دیااور اس نے اسے ڈھیر سارا پیار دیا تو اس کے ذہن میں خوف دور ہوااور اسے کتوں سے پیار ہونے لگ گیا۔

لہٰذا اب وہ اسی محبت کے ہاتھوں اپنی جمع پونجی اور پاکٹ منی سے ان آوارہ کتوں کو کھانا دیتی اور انہیں ویکسین لگاتی ہے تاکہ انہیں کسی قسم کی بیماری نہ لگے۔خاتون کا کہنا تھا کہ جس علاقے میں میرا گھر ہے وہاں کے سبھی آوارہ کتوں کو میں نہ صرف کھانا دیتی ہوں بلکہ ان کی ادویات کا بندوبست کرتی ہوں اور ان کی بیماری کے موسم میں انہیں ویکسین بھی کرتی ہوں۔

خاتون کا یہ بھی کہنا تھا کہ جتنے نئے پلے پیدا ہوتے ہیں مجھے ان کی فکر ہوتی تھی اس لیے آغاز میں میں انہیں اٹھا کر اپنے گھر لے گئی مگر سب کو گھر پر رکھنا ممکن نہیں تھا لہٰذا اب میں کوشش کرتی ہوں کہ انہیں اور لوگ گود لے لیں تاکہ یہ اس طرح آوارہ پھرنے اور پاگل ہونے سے بچ جائیں ۔ شائلجہ کا کہنا ہے کہ میں اس مہم پر کام کر رہی ہوں کہ سب لوگ کتوں سے پیار کریں اور ان سے خوف مت کھائیں کیونکہ جانوروں کو بھی اس زمین پر رہنے کا حق ہے اور ہمیں ان کا خیال رکھنا چاہیے۔