وزیر اعلیٰ جام کمال کی قیادت میں بلوچستان سر مایہ کاری بورڈ نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرلیا ،کراچی میں کیمپ آفس قائم

پیر 23 نومبر 2020 22:06

وزیر اعلیٰ جام کمال کی قیادت میں بلوچستان سر مایہ کاری بورڈ نے ایک اور ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2020ء) وزیر اعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں بلوچستان سر مایہ کاری بورڈ نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرلیا اور اپنے نیٹ ورک کو وسعت دیتے ہوئے کراچی میں کیمپ آفس قائم کر دیاہے، اس دفتر کے قیام کا مقصد ملک کے سب سے بڑے صنعتی شہر کراچی کی بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں سرمایہ کاری سے متعلق انکی دہلیز پر معلومات اور سہولیات فراہم کرنا ہے، اس سلسلے میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون کا کہنا ہے کہ کراچی پاکستان کا اقتصادی مرکز اور معاشی دارالحکومت ہے جس میں ملک کی تقریباً تمام کمپنیوں کے مرکزی دفاتر موجود ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی متحرک قیادت میں حکومت بلوچستان نے یہ تاریخی اقدام اٹھایا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بور ڈ کا مقامی دفتر کراچی میں قائم کیا جائے تاکہ سرمایہ کاروں کو انکی دہلیز پر تمام سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے،انہوں نے کہا کہ بلوچستان ملک کا پہلا سرمایہ کاری بورڈ ہے جو سرمایہ کاروں کیلئے ون ونڈو سہولت مراکز بھی قائم کر رہا ہے،اس سلسلے کا پہلا سہولت مرکز کوئٹہ میں قائم کیا جا رہا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں کراچی اور اسکے بعد گوادر میں بھی ایسے مراکز قائم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اس سے پہلے اسلام آباد میں بھی دفتر قائم کر چکا ہے، اب کراچی کے بعد گوادر میں دفتر کا قیام عمل میں لایا جائیگا،جساکہ ہم جانتے ہیں کہ گوادرپورٹ سٹی پاک چین اقتصادی راہداری کا گیٹ وے ہے اور مستقبل میں پاکستان کا اقتصادی و معاشی مرکز بننے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کو پیشکش کرتے ہیں کہ وہ ہماری کراچی میں موجودگی کا فائدہ اٹھائیں اور انہیں جس قسم کی بھی سہولیات چاہئیں اس کیلئے ہم سے رابطہ کریں۔