ڈینگی مچھر سے بچاؤ کیلئے گندے پانی کے جوہڑوں اور واسا کے ڈسپوزل سٹیشنوں پر لاروے کے خاتمہ کا ٹاسک محکمہ ماہی پروری کو سونپ دیا گیا

بدھ 25 نومبر 2020 12:15

ڈینگی مچھر سے بچاؤ کیلئے گندے پانی کے جوہڑوں اور واسا کے ڈسپوزل سٹیشنوں ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2020ء) ڈینگی مچھر سے بچاؤ کیلئے گندے پانی کے جوہڑوں اور واسا کے ڈسپوزل سٹیشنوں پر لاروے کے خاتمہ کا ٹاسک محکمہ ماہی پروری کو سونپ دیا گیا ہے جبکہ مذکورہ منصوبہ کے تحت پانی کے تالابوں میں تلاپیہ مچھلی چھوڑنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے جو ڈینگی لاورا اور دیگر  کیڑے مکوڑوں کو اپنی غذا کے طور پر کھا کر ختم کر دیتی ہے اس طرح ان نقصان دہ کیڑوں کا تدارک ممکن ہو جاتا ہے۔

محکمہ ماہی پروری فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ محکمہ ماہی پروری اور فیصل آباد انتظامیہ کے اشتراک سے انسداد ڈینگی اقدامات کے سلسلہ میں دیگر احتیاطی وحفاظتی تدابیر کے ساتھ ساتھ صاف و گندے پانی کے تالابوں میں باقاعدگی سے مخصوص قسم کی تلاپیہ مچھلیاں چھوڑی جارہی ہیں جو ڈینگی لاروا اور دیگر کیڑے مکوڑوں وجراثیم کھاجاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ صاف پانی کے تالابوں میں لاروا کی افزائش کے خدشات کے پیش نظر ان میں لاروا کی دشمن مچھلیاں چھوڑی جارہی ہیں جبکہ اس ضمن میں محکمہ ماہی پروری بھرپور طریقے سے اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں جس میں عوامی تعاون ناگزیر ہے لہٰذ اشہری کسی جگہ بھی پانی جمع نہ ہونے دیں اورارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔دریں اثناء ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر برائے ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر بلال احمد نے بتایا کہ تلاپیہ مچھلیوں کے ذریعے ڈینگی لاروا کا خاتمہ کامیاب تجربہ ہے جسے مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا۔