کراچی میں پولیس مقابلہ ، پانچ ڈاکو ہلاک

ہلاک ملزمان ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں شامل رہے ہیں

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 27 نومبر 2020 07:21

کراچی میں پولیس مقابلہ ، پانچ ڈاکو ہلاک
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 نومبر2020ء) تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کراچی کے علاقے یثرب کالونی میں پولیس مقابلے کا ایک واقعہ پیش آیا۔جہاں ڈیفنس فور کی یثرب کالونی میں کچھ ڈکیتوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر پولیس موبائل موقعہ پر پہنچی۔پولیس کے پہنچنے پر ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی جس کے جواب میں پولیس اہلکاروں نے بھی دفاعی فائرنگ شروع کی۔

ڈاکوﺅں اور پولیس کے اس مقابلے میں پانچ ڈکیت ملزمان موت کے گھاٹ اتر گئے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سبھی ملزمان انتہائی مطلوب تھے اور ڈکیتی کی کئی وارداتوں میں ملوث تھے۔ہلاک شدہ ملزمان کی لاشیں ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہے اور علاقے میں بھی چھان بین شروع کر دی گئی ہے۔یہ کراچی ڈیفنس فور کا علاقہ تھا جہاں یثرب امام بارگاہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کا واقعہ علی الصباح پیش آیا ہے۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق یہ پولیس مقابلہ ایک بنگلے میں پیش آیا جہاں یہ ڈاکو رہائش پذیر تھے ا ور پولیس مخبری کی بنا پر چھاپہ مارنے کے لیے موقعہ پر پہنچی تھی۔پولیس کے موقعہ پر پہنچنے پر ڈاکوﺅں نے پولیس پر حملہ کرتے ہوئے فائرنگ کی جس کے جواب میں پولیس نے بھی رائفلیں تان لیں اور اس مقابلے میں موقعہ پر موجود پانچ ملزمان ہلاک ہو گئے۔ملزمان کے پاس موجود اسلحہ بھی پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر بنگلے کی چھان بین بھی کی ہے۔

تاہم ابھی تک یہ نہیں بتایا گیا کہ اس بنگلے میں موجود کل ملزمان کتنے تھے اور کیاان میں سے کوئی فرار ہونے میں بھی کامیاب ہوا ہے یا پھر سارے ڈاکو ہلاک ہو گئے ہیں۔اور پولیس حکام نے ابھی تک ملزمان کی جانب سے قبضے میں لیے گئے اسلحہ اور دیگر سامان کی تفصیل بھی شیئر نہیں کی ہے۔ اس حوالے سے سارے ڈاکوئوں کے ہلاک ہونے  کی  ہی خبر موصول ہوئی ہے کسی بھی شخس کے زخمی ہونے یا فرار ہونے کی ابھی  تک کوئی خبر  موصول نہیں  ہوئی۔