پنجاب کے تمام اضلاع سے جیالے ہر صورت ملتان پہنچیں گے‘ قمرزمان کائرہ

آج 54 سال بعد ملتان میں کٹھ پتلی حکمران وہی سیاہ تاریخ دہرا رہے ہیں‘ چودھری منظور

اتوار 29 نومبر 2020 18:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2020ء) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پنجاب کے تمام اضلاع سے جیالے ہر صورت ملتان پہنچیں گے،پولیس گردی سے جیالوں کو ان کے گھروں میں محدود نہیں کیا جاسکتا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملتان جلسہ کے پیش نظرپنجاب کے تمام اضلاع میں پیپلز پارٹی کے عہدیدار پولیس کے نشانے پر آ چکے ہیں ،گجرات پیپلز پارٹی کے صدر ضیا محی الدین اور ان کے بھائیوں کو30 دن کیلئے نظر بند کر دیاگیا،پی پی پی منڈی بہائوالدین کے صدر آصف بشیر اور دیگرعہدیداروں کو پولیس نے گھیرے میں لے رکھا ہے،پیپلز پارٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ کے جنرل سیکرٹری کو حراست میں لے لیا گیا، پیپلز پارٹی جھنگ اور فیصل آباد کے عہدیداروں کی فہرستیں لیکر پولیس کے جگہ جگہ چھاپے ماررہی ہے۔

(جاری ہے)

ضلع ساہیوال اور اوکاڑہ میں پیپلز پارٹی کے عہدیداروں کے گھروں پر پولیس کی نگرانی جاری ہے۔قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ملتان جلسہ گاہ میں پولیس ایکشن فاشزم ہے،حکمران ہوش کے ناخن لیں ،ملتان میں حالات خراب نہ کریں،حکمران علی قاسم گیلانی کی بہادری سے خوفزدہ ہیں، ایک بار پھر ثابت ہو گیا ملتان پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے،جیالوں اور اہالیان ملتان نے حکومتی پابندیاں خاک میں ملا دیں،ملتان جلسہ ہر صورت ہوگا،حکمرانوں کو بدمزگی سے کچھ نہیں ملے گا۔

پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور احمد نے کہا ہے کہ ملتان میں پیپلز پارٹی کے تاسیسی جلسہ کو رکوانے والے منہ کی کھائیں گے،پیپلز پارٹی کیلئے ریاستی جبر نیا ہے نہ ہی پولیس تشدد کوئی نئی چیز ہے،ایوب نے بھی 67 میں پارٹی کے قیام والے دن ایسے ہی جبر کا مظاہرہ کیا تھا،ایوب آمریت نے لاہور کے تمام ہوٹلز کی بکنگ منسوخ کروادی تھی،ملک کے تمام حصوں سے آنے والے مندوبین لاہور سے باہر ہی روک لیے گئے تھے،جو لوگ رکاوٹیں توڑ کر لاہور پہنچ سکے تھے وہی تاسیسی اجلاس میں شریک ہوئے تھے،آج 54 سال بعد ملتان میں کٹھ پتلی حکمران وہی سیاہ تاریخ دہرا رہے ہیں،قاسم گیلانی سمیت تمام گرفتلرعہدیدار اور کارکن فوری رہا کئے جائیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنماں اور کارکنوں کو رہا نہ کیا گیا تو پھر حالات کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔