کھیلوں کے شعبہ میں خواتین کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے،گورنرسندھ

لیاری سے خاتون باکسر کا سامنے آنا خوش آئند ہے، خواتین کو با اختیار بنانے پر خصوصی توجہ ہے،عمران اسماعیل

پیر 30 نومبر 2020 22:54

کھیلوں کے شعبہ میں خواتین کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے،گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2020ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے لیاری سے تعلق رکھنے والی خاتون باکسر نمرہ نے گورنرہائوس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر بھی موجودتھے۔ گورنرسندھ نے باکسر نمرہ کی حوصلہ افزائی کے لئے مالی امداد کا چیک بھی دیا۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے باصلاحیت باکسر نمرہ کی کامیابیوں پر انھیں مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ نمرہ کی باکسنگ کے رنگ میں کامیابیاں قابل تحسین ہیں ،ماضی میں لیاری سے کئی نامور باکسرز نے ملکی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا اور اس ضمن میں لیاری سے خاتون باکسر کا سامنے آنا خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے شعبہ میں خواتین کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے تاکہ خواتین کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لاسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت خواتین کو ہر شعبہ میں بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔