پنجاب حکومت کا شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول میں توسیع کا فیصلہ

شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کی پیرول کی مدت میں ایک روز کی توسیع کر دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 2 دسمبر 2020 11:14

پنجاب حکومت کا شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول میں توسیع کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 دسمبر 2020ء) : پنجاب حکومت نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت می توسیع دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع پنجاب حکومت نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول میں توسیع کا فیصلہ کیا۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول میں ایک روز کی توسیع کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت آج ختم ہو رہی تھی ۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز مسلم لیگ ن کی جانب سے محکمہ داخلہ پنجاب کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول کی مدت میں توسیع کے لیے درخواست دی تھی۔ یہ درخواست مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری عطا تارڑ کی جانب سے دائر کی گئی۔

(جاری ہے)

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ شہباز شریف قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور ایک بڑی سیاسی جماعت کے صدر ہیں جبکہ حمزہ شہباز بھی پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ہیں۔

ملک بھر سے لوگ شہباز شریف سے ان کی والدہ اورحمزہ شہباز سے ان کی دادی کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے لیے آنا چاہتے ہیں۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت بدھ کے روز ختم ہو رہی ہے ۔ درخواست ہے اس میں مزید اضافہ کیا جائے۔ لیکن درخواست موصول ہونے کے بعد پنجاب حکومت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے پیرول میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

یاد رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے شریف برادران کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر کوٹ لکھپت جیل میں قید مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو 27 نومبر سے پانچ روز کے لئے پیرول پر رہائی دی گئی تھی۔ پنجاب حکومت نے پاکستان پریزن رولز 1978ء کے سیکشن 545 بی کے تحت اپوزیشن رہنماوں کی رہائی کی اجازت دی تھی۔