سعودی عرب نے ویزہ پراسیسنگ سینٹرز کھول دیئے

عنقریب ان ویزہ سنٹرز میں ورک ویزہ اور سیاحتی ویزہ کی درخواستیں وصول کرنے کے بعد ویزوں کا اجراء ہوگا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 2 دسمبر 2020 16:02

سعودی عرب نے ویزہ پراسیسنگ سینٹرز کھول دیئے
مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 دسمبر2020ء) سعودی عرب کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ یکم جنوری کے بعد سے کسی بھی روز سعودی عرب میں بین الاقوامی مسافروں پر عائد پابندی ختم کر دی جائے گی۔ اس سلسلے میں تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ سعودیہ میں آئندہ برس بین الاقوامی سفر کی بحالی سے قبل ورک اور ٹریول ویزہ کی درخواستیں وصول اور ان پر اجازت دینے والے مراکز کھولے جا رہے ہیں۔

اُردو نیوز کے مطابق ویزہ مراکز کورونا کی وجہ سے پیداشدہ صورتحال کے باعث بند کیے گئے تھے۔اس حوالے سے دُنیا کی مشہور ٹریول ایجنسی وی ایف ایس گلوبل کے ریجنل ہیڈنے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں ویزہ ایپلیکیشن سینٹرز کھول دیئے گئے ہیں۔وی ایس ایف کی جانب سے مملکت میں ویزہ سے متعلق 28 خدمات فراہم کی جاتی ہیں ، جن میں سے 20 سروسز نومبر 2020 تک بحال کی جا چکی ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ باقی کی سروسز بھی جلد بحال ہونے کا امکان ہے۔ تاہم ویزہ ایپلیکیشنز سینٹرز کا دوبارہ کھلنا مقامی اتھارٹیز اور متعلقہ سفارتخانوں کی اجازت سے مشروط ہے۔مزید یہ کہ ویزہ کے لیے درخواست دے سکنے کا یہ مطلب نہیں کہ ایسا فرد یقینی طور پر مطلوبہ ملک کے سفر کے قابل بھی ہو سکے گا۔تمام مسافر حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات اور ایئرلائنز کی شرائط کو مدنظر رکھیں تاکہ وہ بین الاقوامی سفر سے متعلق اپ ڈیٹس سے باخبر رہ سکیں۔

تمام ویزہ مراکز کو دوبارہ کھولنے سے قبل ادارے نے حالیہ موسم گرما میں ایک نئی سہولت متعارف کرائی تھی۔ ’ویزہ ایٹ یور ڈور سٹیپ‘ ویزہ آپ کے دروازے پر نامی سروس کے تحت وی ایف ایس کا نمائندہ درخواست گزار کے گھر جا کر ویزہ اپلیکیشن اور دستاویزات سمیت بائیومیٹرک کا مرحلہ مکمل کرتا ہے۔ ٹورسٹ ویزہ کے علاوہ تمام دستیاب کیٹیگریز کے ویزہ درخواستیں وصول کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ ہمارے مراکز بائیومیٹرک انرولمنٹ کے لیے بھی درخواستیں وصول کر رہے ہیں جو ورک ویزہ کی درخواست کے لیے اہم ہے۔