فوڈ گروپ کی درآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 43.49 فیصد اضافہ ہوا ، شماریات بیورو

جمعرات 3 دسمبر 2020 12:20

فوڈ گروپ  کی درآمدات میں رواں مالی سال کے دوران  43.49 فیصد اضافہ ہوا ، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2020ء) رواں مالی سال میں فوڈ گروپ (غذائی اجناس) کی درآمدات میں 43.49 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا اکتوبر 2020 کے دوران غذائی مصنوعات کی قومی درآمدات 2.272 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا اکتوبر 2019 میں درآمدات کاحجم 1.538 ارب ڈالر رہا تھا۔

(جاری ہے)

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران درآمدات میں 0.689 ارب ڈالر یعنی 43 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔ دوسری جانب گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران فوڈ گروپ کی برآمدات میں 16.77 فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور برآمدات کا حجم 1.359 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 1.331 ارب ڈالر تک کم ہو گیا۔ پی بی ایس رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2019 کے مقابلہ میں اکتوبر 2020 کے دوران فوڈ گروپ کی برآمدات میں 13.42 فیصد کمی جبکہ درآمدات میں 15.14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔