حامد الحق حقانی نے افغان طالبان اور حکومت کے مابین معاہدے کو خوش آئند قرار دیدیا

اللہ کرے افغانستان میں چالیس سال سے جاری جنگ و بیامنی کا خاتمہ ہو ، اجتماع سے خطاب

جمعہ 4 دسمبر 2020 17:43

اکوڑہ خٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2020ء) جمعیت علماء اسلام کے امیر دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی نے افغان طالبان اور افغان حکومت کے مابین ہونے والے حالیہ معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کرے افغانستان میں چالیس سال سے جاری جنگ و بیامنی کا خاتمہ ہو ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد شیخ الحدیث مولانا عبد الحق رحمہ اللہ جامعہ دارالعلوم حقانیہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مولانا حامد الحق حقانی نے دونوں فریقین کو قرآن کی آیت والصلح خیر پر عمل کرنے کی تلقین کی۔ مولانا حقانی نے قوم سے افغانستان میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے دعاؤں کی اپیل کی۔ افغانستان میں قیام امن کے مثبت اثرات افغان ملت کیساتھ ساتھ پاکستان پر بھی اثر انداز ہونگے ان شاء اللہ۔مولانا حامد الحق حقانی نے سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ مولانا حامد الحق حقانی نے کہا کہ میر ظفر اللہ خان جمالی مرحوم ایک اصول پسند اور باوقار سیاستدان تھے۔ تحفظ ختم نبوت کے لئے انکی جدوجہد سنہرے حروف میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔