زلفی بخاری نے عمران خان کی سابق اہلیہ کو عدالت میں لیجانے کا اعلان کردیا

ریحام خان کو انیل مسرت کے کیس میں تو معافی مل گئی، میری طرف کوئی معافی شافی نہیں ،میں عدالت لے جا کر پیسے نکلواؤں گا، زلفی بخاری

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 22 دسمبر 2020 23:16

زلفی بخاری نے عمران خان کی سابق اہلیہ کو عدالت میں لیجانے کا اعلان کردیا
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 دسمبر2020ء) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے کہا ہے کہعمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کو عدالت لے کر جاؤں گا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا ہے کہ ریحام خان کو انیل مسرت کے کیس میں تو معافی مل گئی ہے لیکن میری طرف کوئی معافی شافی نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں ریحام خان کو عدالت لے جا کر پیسے نکلواؤں گا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ سعید غنی نے اپنی پریس کانفرس میں جھوٹ بولا ہے۔ انہوں نے اپنے دور حکومت 2011 کے فیصلے پر سوال اٹھائے، اگر اُنھیں معاملے کو چیلنج کرنا ہے تو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ جب میرے خلاف بولتے ہیں تو لگتا ہے میں کچھ اچھا کررہا ہوں اسی لیے یہ بول رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے اوپر لگائے گئے الزام کا جواب دیتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ جس دن میں کراچی میں بیٹھ کر ورلڈ اکانومک فورم میں نیشنل ٹی وی پر نظر آ رہا تھا، اس دن انہوں نے مجھے اسرائیل میں شو کیا۔ کم از کم جھوٹ تو وہ بولیں جو پکڑے نہ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے 23 ارب کی کولیکشن کی مگر مزدوروں کیلئے دو منصوبے شروع کیے اور وہ بھی مکمل نہ کیے ۔ زلفی بخاری نے کہا کہ امارات کے ساتھ ویزوں کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔ امارات کی جانب سے عارضی طور پر ویزوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔