گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے تعلیمی سفر کے 157برس مکمل

جمعہ 1 جنوری 2021 20:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2021ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہورکے تعلیمی سفر کی157برس مکمل ہو گئے۔کالج نے یکم جنوری 1864ء کو اندرونِ لاہور میں دھیان سنگھ کی حویلی میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کیا ، پہلی کلاس 9طلباء پر مشتمل تھی۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی میں گزشتہ روز فائونڈرز ڈے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر اصغر زیدی نے رجسٹرار ڈاکٹر شوکت علی ،جی سی یو ڈینز پروفیسر ڈاکٹر احمد عدنان،پروفیسر ڈاکٹر سلطان شاہ،پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد اورپروفیسر ڈاکٹر خالد منظور بٹ سمیت انتظامی اور تعلیمی شعبہ جات کے صدور کے ہمراہ فائونڈرز ڈے کا کیک کاٹا۔

اس مو قع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے نئے سال کی مبارکباد دی ان کا کہنا تھا کہ نیا سال جی سی یو کے لیے تعلیمی و انتظامی لحاظ سے بہترین ثابت ہوگا ۔وائس چانسلر نے کورونا وباء کے دوران یونیورسٹی کی تعلیمی سرگرمیوں کو آن لائن کرنے پر فیکلٹی ممبران اور انتظامی عہدیداران کا شکریہ اداکیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال داخلوں اورتقرریوں کو میرٹ پر مکمل کیا گیا ، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور پاکستان کا فخر ہے۔بعدازاں جی سی یو اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔