ایرانی کمانڈر نے امریکا میں تخریبی کارروائیوں کی دھمکی دے دی

امریکی حملے میں جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت تہران کو مزاحمت کے راستے سے ہر گز نہیں روک سکے گی، اسماعیل قاآنی کا قاسم سلیمانی کی برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعہ 1 جنوری 2021 22:13

ایرانی  کمانڈر نے امریکا میں تخریبی کارروائیوں کی دھمکی دے دی
تہران ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 01 جنوری 2021ء) ایران نے امریکا کیخلاف مزاحمتی تحریک کو جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے امریکا میں تحریبی کارروائیوں کی دھمکی دے دی ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قاآنی نے کہا ہے کہ اگر امریکا اپنی کوششوں سے باز نہ آیا تو امریکا کی سرزمین پر کارروائیاں کی جا سکتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق القدس فورس کے سربراہ نے جمعے کے روز تہران یونیورسٹی میں القدس فورس کے سابق کمانڈر قاسم سلیمانی کی پہلی برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حملے میں جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت تہران کو مزاحمت کے راستے سے ہر گز نہیں روک سکے گی۔تہران یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے اسماعیل قاآنی نے جمعے کے روز کہا کہ ایران اب بھی جوابی کارروائی کے لیے تیار ہے۔

(جاری ہے)

قاآنی کے مطابق امریکا کی جانب سے سامنے آئے والی شرپسند حرکتوں سے القدس فورس کا راستہ اور مزاحمت ہر گز تبدیل نہیں ہو گی۔ واضح رہے کہ امریکا نے گذشتہ برس 3 جنوری 2020ء کو عراق میں ایک ڈرون حملے کے ذریعے القدس فورس کے سابق کمانڈر قاسم سلیمانی کو ہلاک کر دیا تھا۔ اس سے قبل واشنگٹن نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ خطے میں امریکی فورسز پر ایران نواز مسلح گروپوں کے حملوں کا ماسٹر مائنڈ سلیمانی ہے۔ امریکی ڈرون حملے کے جواب میں ایران نے چند روز بعد عراق میں ایک فوجی اڈے پر بھرپور راکٹ حملہ کیا تھا۔ اس اڈے میں امریکی فوجی بھی تعینات تھے۔