جامعہ کراچی: داخلہ فیس دینے سے قاصر طلبہ اسٹوڈنٹس ایڈمیشن فنڈ کے کائونٹر سے 15 جنوری تک فارم حاصل / جمع کراسکتے ہیں،ڈاکٹر صائمہ اختر

منگل 5 جنوری 2021 18:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2021ء) انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق ایسے طلباوطالبات جو محض مالی مشکلات کی وجہ سے داخلہ فیس دینے سے قاصر ہیں وہ 06 تا15 جنوری 2021 ء تک صبح10:00 تادوپہر3:00 بجے تک جمنازیم ہال جامعہ کراچی میں واقع اسٹوڈنٹس ایڈمیشن فنڈکے کائونٹرسے فارم حاصل کرکے جمع کراسکتے ہیں۔

ایسے طلبہ جو اسٹوڈنٹس ایڈمیشن فنڈ سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں وہ فارم کے ساتھ والد/ سربراہ کے ذرائع آمد ن کے سرٹیفیکٹ، دیگر متعلقہ دستاویزات، طالبعلم ،والد/ سرپرست کی شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی ،ب فارم کی فوٹوکاپی اور گذشتہ ماہ کے یوٹیلیٹی بلز جس میں بجلی،گیس،پانی، ٹیلی فون ودیگر شامل ہیں۔ڈاکٹر صائمہ اختر نے کہا کہ شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر خالد محمود عراقی کی خصوصی ہدایت ہے کہ حصول علم کے خواہشمند طلباوطالبات کا محض مالی مشکلات کی وجہ سے تعلیمی سال ضائع نہیں ہونا چاہیئے اور مذکورہ فنڈ کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

(جاری ہے)

کرونا وائر س کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اسٹوڈنٹس ایڈمیشن فنڈ میں پچاس فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت ایسے طلباوطالبات جو محض مالی مشکلات کی وجہ سے داخلہ فیس دینے سے قاصر ہیں ان کی داخلہ فیس مذکورہ فنڈ سے فراہم کی جائے گی۔