پاکستانی معیشت اور عوام کیلئے بڑی خوشخبری

بجلی کے قیمتوں میں کمی کروانے کی کوششوں اور توانائی بحران کے خاتمے کے سلسلے میں حکومت کی بڑی کامیابی، آئی پی پیز کیساتھ باقاعدہ معاہدہ طے پاگیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 9 جنوری 2021 22:13

پاکستانی معیشت اور عوام کیلئے بڑی خوشخبری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جنوری2021ء) پاکستانی معیشت اور عوام کیلئے بڑی خوشخبری، بجلی کے قیمتوں میں کمی اور توانائی بحران کے خاتمے کے سلسلے میں حکومت کی بڑی کامیابی، آئی پی پیز کیساتھ باقاعدہ معاہدہ طے پاگیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں پاور سیکٹر کے بحران کو حل کرنے کے حوالے سے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت اور آئی آئی پیز کے درمیان باقاعدہ معاہدہ طے پاگیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت اور شمسی توانائی پر مشتمل آئی پی پیز میں معاہدہ طے پایا ہے ۔ معاہدے کے تھٹ فریقین نے ٹیرف کم کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی، جس کے بعد اب وفاقی کابینہ کی جانب سے باقاعدہ منظوری لینے کے بعد معاہدے کی تقریب جلد منعقد کی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد حکومتی افسران اور آئی پی پیز معاہدے پر باضابطہ دستخط کریں گے۔

(جاری ہے)

طے پائے معاہدے کی رو سے ہر آئی پی پی کا اپنا اپنا بورڈ بھی معاہدے کی منظوری دے گا۔ معاہدے سے ٹیرف اور آئندہ سالوں میں سرکولر ڈیبٹ میں کمی آئے گی۔ واضح رہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی اور توانائی بحران کے حل کیلئے حکومت اور آئی پی پیز کے درمیان جاری مذاکرات کے حوالے سے کچھ روز قبل وفاقی وزیر اسد عمر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظر ثانی سے بجلی ایک روپیہ 40 پیسے فی یونٹ سستی ہو گی، معاہدوں پر نظرثانی سے بجلی صارفین کو 3 سال میں 300 ارب کا ریلیف ملے گا۔

2022 میں بجلی 74 پیسے 2023 میں 66 پیسے فی یونٹ سستی ہو گی۔ کم صلاحیت والے پلانٹس کو بند کر کے بہتر کارکردگی والے پاور پلانٹس چلائیں گے۔ قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کا ٹیرف ایک تہائی کم کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :