مریم نواز کا بیان متعصبانہ ہے، وزیراعلیٰ پنجاب اپنے بیان پر معافی مانگیں، بیرسٹر گوہر

اگر کوئی اور یہ بیان دیتا تو اب تک دہشت گردی کا پرچہ کٹ چکا ہوتا، ملک میں جاری دہشتگردی کے حوالے سے قومی سیاسی قیادت کو سنجیدہ رویہ رکھنا چاہیے؛ چیئرمین پی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 7 ستمبر 2026 15:15

مریم نواز کا بیان متعصبانہ ہے، وزیراعلیٰ پنجاب اپنے بیان پر معافی مانگیں، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 ستمبر 2026ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دہشت گردی سے متعلق بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر محتاط انداز اور قومی مشاورت اپنانے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ بیانات کو تعصب پر مبنی قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا بیان انتہائی متعصبانہ ہے، اگر کسی اور سیاسی رہنما نے ایسا بیان دیا ہوتا تو اب تک اس کے خلاف ایف آئی آر درج ہو چکی ہوتی، دہشت گردی جیسے حساس موضوع پر قومی سیاسی قیادت کو سنجیدہ رویہ اختیار کرنا چاہیے اور وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنے اس بیان پر معافی مانگنی چاہیے۔

(جاری ہے)

نئے انتظامی صوبوں کی تشکیل سے متعلق جاری بحث پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے خبردار کیا کہ نئے صوبوں کا قیام ایک انتہائی حساس اور سنجیدہ معاملہ ہے، جس کے لیے کسی قسم کی جلد بازی یا متنازع قانون سازی نہیں ہونی چاہیے، صوبوں کی تشکیل کے لیے 18 ویں ترمیم کی طرز پر ایک جامع اور تفصیلی مشاورتی عمل ہونا چاہیے، اگر عوام کی مرضی کے بغیر سندھ یا کسی اور صوبے کو تقسیم کیا گیا تو اس سے انتظامی پیچیدگیاں پیدا ہوں گی اور وفاق کمزور ہوگا۔

انہوں نے تجویز دی کہ اس معاملے پر جلد بازی کے بجائے یہ فیصلہ آنے والی نئی منتخب پارلیمان پر چھوڑ دیا جائے کہ وہ آ کر اس معاملے کا جائزہ لے، پارٹی کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش ہمیشہ قائم رہی ہے مگر اب اس میں عملی پیش رفت ہونی چاہیے، عمران خان سے سیاسی قیادت اور فیملی کی ملاقاتیں کروائی جائیں، بالخصوص علامہ راجہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی کی ملاقات انتہائی ضروری ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا سندھ میں شاندار استقبال کرنے پر سندھ کی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں، یہ جوش و خروش ظاہر کرتا ہے کہ عوام موجودہ اسٹیٹس کو سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔