ایف بی آر نوٹس بازی کے بجائے 70لاکھ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لائے‘پاکستان ٹیکس بار

سیکشن 182,176اور 147کے نوٹسز کااجراء بند کیا جائے ، ٹیکس پیئر پہلے ہی حکومت سے نالاں ہیں‘ وزیر اعظم کے نام کھلا خط

منگل 12 جنوری 2021 11:58

ایف بی آر نوٹس بازی کے بجائے 70لاکھ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لائے‘پاکستان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2021ء) پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ایف بی آرمیں یونیفارم بدلنے کی بجائے افسران کے رویے اور اختیارات تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ،ڈنڈے کے زو ر پر کبھی بھی ٹیکس اہداف پورے نہیں کئے جا سکتے ،ایف بی آرکے افسران نے نوٹسز کا اجراء اپنا مشغلہ بنا لیا ہے جس سے ٹیکس دہندگان متنفرہو رہے ہیں۔

پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب حسین ناگرہ،سینئر نائب صدر قاری حبیب الرحمن زبیری ادریگر عہدیداران نے وزیراعظم عمران خان کے نام لکھے گئے کھلے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے نوٹس بازی کو روکا جائے ،ٹیکس دہندگان پہلے ہی حکومت سے نالاں ہیں ۔سیکشن176کے لاکھوں نوٹسز بھیج کر موجودہ ٹیکس پیئرز سے ہی انفامیشن مانگی جا رہی ہے، اسی طرح 182کے نوٹسز جاری کر کے موجودہ کو ہی جرمانے کئے جا رہے ہیںاور وہ لوگ جن پر ایڈوانس ٹیکس بنتا ہی نہیں انہیں بھی لاکھوں کی تعداد میں نوٹسز بھیجے جا چکے ہیں جو کہ سراسر نا انصافی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حکومت کے مشیر بار ہا دعوی کر چکے ہیں کہ ایک کروڑ امیر ترین لوگوں کا ڈیٹا موجود ہے انہیں چھوڑا نہیں جائے گا،پہلے تو ان 70لاکھ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے جن کے بارے اشتہار بازی کی جا رہی تھی ۔انہوںنے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات لانے کے بجائے پولیس کی طرح افسران کی یونیفارم تبدیل کی جارہی ہے ، یونیفارم تبدیل کرنیکی بجائے افسران کے رویے اور اختیارات بدلنے کی ضرورت ہے۔