عمر قید کے سزا یافتہ مجرم کی سابقہ بیوی کو سوشل میڈیا پر دھمکیاں، بیوی نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا

بدھ 13 جنوری 2021 13:34

عمر قید کے سزا یافتہ مجرم کی سابقہ بیوی کو سوشل میڈیا پر دھمکیاں، بیوی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2021ء) سینٹرل جیل کراچی میں دو مرتبہ عمر قید کے سزا یافتہ مجرم نعیم شیخ کی سابقہ بیوی نے قیدی کی جانب سے سوشل میڈیا کے ذریعے ہراساں کرنے پر سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔خاتون اسما مشتاق کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں انکشاف ہوا ہے کہ جیل میں قید اس کے سابقہ شوہر نعیم شیخ کی جانب سے اسے سوشل میڈیا کے ذریعے ہراساں کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

اسما مشتاق نے درخواست کے متن میں کہا ہے کہ سوشل میڈیاکے ذریعے سابقہ شوہر مسلسل جیل سے ہراساں کر رہا ہے، نعیم شیخ میسجزکے ذریعے مارنے کی دھمکیاں دیتا رہتا ہے۔درخواست گزار نے کہاکہ اس نے 2017 میں نعیم شیخ سے خلع لی تھی جس کے بعد نعیم شیخ نے حملہ کرکے والد کو قتل اور مجھے زخمی کر دیا تھا۔اسما مشتاق نے بتایا کہ 2019 میں ٹرائل کورٹ نے نعیم شیخ کو 2 مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی تھی، تاہم 2019 سے مسلسل مجھے نعیم شیخ جیل سے دھمکیاں دے رہا ہے۔وکیل درخواست گزارنے کہا کہ ہمارے پاس ثبوت ہیں اور ہم نے عدالت میں جمع بھی کرادیئے ہیں۔خاتون کی درخواست پر عدالت نے تھانہ یوسف پلازہ پولیس کو درخواست گزار کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 10 فروری تک ملتوی کر دی۔