مظفرآباد‘ خواجہ شوکت کا انصاف نہ ملنے پر خاندان سمیت خودکشی کرنے کا اعلان

بدھ 13 جنوری 2021 15:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2021ء) حلقہ ایک کوٹلہ پٹہکہ نصیر آباد کے نواحی علاقے چمیاںکھیتر بٹ درہ کا رہائشی خواجہ شوکت نے انصاف نہ ملنے پر خاندان سمیت خودکشی کرنے کا اعلان کردیا ،گلفام شیخ سیاسی پشت پناہی کے ذریعے اپنے غنڈوں کے ساتھ جب دل چاہے گھر کی چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے میرے خاندان کو تشدد کا نشانہ بناکر چلا جاتا ہے ،جبکہ اپنی بہن کی طلاق گن پوائنٹ اور غنڈوں کی مدد سے لے کر عدالت عالیہ میں مقدمہ درج کردیا،بلاوجہ تنگ کیا جارہا ہے ،ایس ایس پی مظفرآباد سے دو مرتبہ درخواست مارک کرواکر چوکی پٹہکہ لے کر گیا وہاں پر بھی بجائے انصا ف کے میری بوڑھی ماں اور مجھے ڈرا دھمکا کر چوکی سے باہر نکال دیا۔

تفصیلات کے مطابق پٹہکہ نصیر آباد کے نواحی علاقے چمیاں کھیتر بٹ درہ کے رہائشی خواجہ شوکت نے کہا کہ گلفام شیخ کی بہن اور میری سابقہ زوجہ شازیہ بی بی کے چال چلن ٹھیک نہ ہونے پر میں نے متعدد بار گلفام اور اُن کے خاندان والوں کو شکایت کی مگر بھائی نے بہن کو سمجھانے کے بجائے زبردستی اپنے غنڈوں کے ساتھ مل کر اپنی بہن شازیہ بی بی کی طلاق لے لی اور اب وہ کہتا ہے کہ میری بہن کا حق مہر ادا کریں جبکہ میں شازیہ بی بی کو اب بھی اپنے نکاح میں رکھنے کو تیار ہوں مگر گلفام شیخ کا کہنا ہے کہ ’’میر انہ تو کوئی پولیس والا کچھ بگاڑ سکتا ہے ،جائو جو کرنا ہے کرو‘‘،حق مہر کی رقم میں سے 50ہزار روپے وہ زبردستی لے گیا ہے جبکہ ابھی ڈھائی لاکھ روپے کا مطالبہ کررہا ہے ،خواجہ شوکت کا کہنا ہے کہ گلفام شیخ جو کہ پٹہکہ ،مظفرآباد کیری ڈبہ چلا رہا ہے اُس نے شہر آتے ہوئے متعدد بار مجھے درمیان سڑک تشدد کا نشانہ بناکر مردہ حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ ایس ایس پی مظفرآباد یاسین بیگ کے پاس سے دو مرتبہ درخواستیں مارک کرکے چوکی پٹہکہ دی گئی جس پر ایس ایس پی صاحب نے 5دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کے احکامات درج کئے تھے مگر جب ہم درخواست لے کر چوکی پٹہکہ پہنچے تو ہیڈ محرر نے ہماری درخواست پر ایکشن لینے کے الٹا ہمیں ڈرا دھمکا کر چوکی سے باہر نکال دیا اور گلفا م شیخ کو بلا کر ہمارے خلاف 107کی درخواست بھی درج کروادی۔خواجہ شوکت نے کہا کہ اب انصاف کیلئے تمام دروازے کھٹکٹا چکے ہیں ،اب انصاف نہ ملنے جبکہ گلفام شیخ نے زبرستی طلاق لے کر 50ہزار روپے لے گیا واپس نہ دلائے گئے تو میں اپنے خاندان سمیت خودکشی کرنے پر مجبور ہوجائوں گا جس کی ذمہ داری گلفام شیخ اور چوکی پٹہکہ کے ہیڈ محرر پر عائد ہوگی۔