وٹس ایپ پرائیویسی میں تبدیلی بزنس اکاؤنٹس کیلئے ہے

نان بزنس، ریگولر، انفرادی پروفائلز اکاؤنٹس نئی پالیسی سے متاثر نہیں ہوں گے، وزارت آئی ٹی کا وضاحتی بیان

muhammad ali محمد علی بدھ 13 جنوری 2021 21:40

وٹس ایپ پرائیویسی میں تبدیلی بزنس اکاؤنٹس کیلئے ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جنوری2021ء) وزارت آئی ٹی کے وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ وٹس ایپ پرائیویسی میں تبدیلی بزنس اکاؤنٹس کیلئے ہے، نان بزنس، ریگولر، انفرادی پروفائلز اکاؤنٹس نئی پالیسی سے متاثر نہیں ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق پیغام رسانی کیلئے دنیا کی سب سے مقبول موبائل ایپ وٹس ایپ کی پرائیویسی پالیسی میں تبدیلی کی صورت میں ذاتی ڈیٹا لیک ہو جانے کے خدشے سے دوچار صارفین کیلئے پاکستان کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے وضاحتی اور تفصیلی بیان جاری کیا گیا ہے۔

وزارت آئی ٹی حکام کا کہنا ہے کہ وٹس ایپ کی پرائیویسی پالیسی سے متعلق سوشل میڈیا ویب سئاٹ فیس بک کی وضاحت اور موجودہ صورتحال کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ وٹس ایپ پرائیویسی میں تبدیلی دراصل صرف وٹس ایپ بزنس اکاؤنٹس کیلئے ہے۔

(جاری ہے)

نان بزنس، ریگولر، انفرادی پروفائلز اکاؤنٹس سے اس نئی پالیسی سے متاثر نہیں ہوں گے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے پاکستانی شہریوں کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے گا۔

وزارت کے حکام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے حکام سے درخواست کی ہے کہ حکومت پاکستان کیساتھ روابط مضبوط کیے جائیں، بہتر روابط قائم ہونے سےعوامی خدشات کو بہتر انداز سے دور کیا جاسکے گا۔ واضح رہے کہ اس وقت پاکستان سمیت دنیا بھر میں وٹس ایپ کی نئی پرائیویسی پالیسی تنازعے کا باعث بنی ہوئی ہے۔ وٹس ایپ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ جو صارف نئی پالیسی سے اتفاق نہیں کرے گا وہ 9 فروری کے بعد سے اپنے وٹس ایپ اکاؤنٹ سے محروم ہوجائے گا۔ جبکہ صارفین کا ڈیٹا لیک ہونے کی افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ صارفین کا ڈیٹا مکمل محفوظ ہے، پیغامات انکرپٹڈ ہی رہیں گے، ان تک کسی کی رسائی ممکن نہیں ہوگی۔