Live Updates

کرکٹ میچز اورایشیاء کپ کے تناظر میں لاہور پولیس کا قمار بازوں کیخلاف کریک ڈاؤن

قماربازی میں ملوث2791 ملزمان گرفتار، جوئے پر لگی ایک کروڑ 30 لاکھ 83 ہزار روپے سے زائد رقم برآمد کر لی گئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 17 ستمبر 2025 19:14

کرکٹ میچز اورایشیاء کپ کے تناظر میں لاہور پولیس کا قمار بازوں کیخلاف ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 17 ستمبر 2025ء ) صوبائی دارالحکومت میں منعقدہ کرکٹ میچز اور ایشیاء کپ کے تناظر میں لاہور پولیس کا قماربازوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے آج یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ رواں سال قمار بازی میں ملوث2791 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لا کرشہر کے مختلف تھانوں میں 713 مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔

گرفتار ملزمان کے قبضے سے 1 کروڑ30 لاکھ 83 ہزار روپے سے زائد داؤ پر لگی رقم برآمد کی گئی ہے۔
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے لاہور پولیس کو جوئے کے اڈوں اور آن لائن جوئے کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کا مستقبل داؤ پر لگانے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

(جاری ہے)

سی سی پی اولاہور نے کہا کہ جوئے کے اڈوں پر انٹیلی جنس بیسڈ ریڈ کروائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ آن لائن گیمبلنگ میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پولیس افسران جوئے کے اڈوں اور آن لائن گیمبلنگ کی نشاندہی کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پراسیکیوشن کی معاونت سے جوئے میں ملوث عناصر کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ سی سی پی او لاہور نے کہا کہ آن لائن جوئے سمیت تمام فراڈ ایپلی کیشنز پر کڑی نظر رکھی جائے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جرائم سے پاک معاشرے کا قیام ہمارا مشن ہے۔
دوسری جانب  پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ ترجمان پی سی بی عامر میر کے مطابق اس حوالے سے مشاورت جاری ہے اور کل تک حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ فیصلہ پاکستان کے مفاد کو مدنظر رکھ کے کیا جائے گا۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات