بادی النظر میں صرف ذاتی تعلق کی بنا پر نعیم بخاری کو چیرمین پی ٹی وی لگایا، سیدہ شہلا رضاء

جمعہ 15 جنوری 2021 19:11

بادی النظر میں صرف ذاتی تعلق کی بنا پر نعیم بخاری کو چیرمین پی ٹی وی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2021ء) صوبائی وزیر ترقی نسواں سیدہ شہلا رضا نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی وی چیرمین کو کام کرنے سے روک دیا ہے جس سے سلیکٹڈ وفاقی حکومت کا یہ دعوی کہ ان کے نزدیک صرف میرٹ ہی معیار ہے بھی غلط ثابت ہوگیا کیونکہ بادی النظر میں صرف ذاتی دوستی یا ذاتی تعلق کی بنا پر چیرمین پی ٹی وی کا تقرر کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آخر یہ حکومت عوام سے اتنا جھوٹ کیونکر بولتی ہے اور ہر جھوٹ کھلنے پر معافی بھی نہیں مانگتی۔ اسی کو ہی کہتے ہیں دوہرا معیار، سیدہ شہلا رضا نے حکومتی کارکردگی کے بارے میں رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نالائق اور نااہل حکومت کی دن رات کی کوششوں سے پاکستان ایشیا میں مہنگا ترین ملک بنتا جارہا ہے کچھ دن مزید یہ حکومت چلی تو ملک کو دیوالیہ ہونے کا شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے بہتر یہی ہے کہ سلیکٹرز اپنے سلیکشن پر نظرثانی کرلیں،جتنی جلدی یہ کام ہوگا قوم کے لئے اتنا ہی بہتر ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے مطابق صوبے میں موجود معدنیا ت پر پہلا حق اس صوبے کے لوگوں کا ہے مگر وفاقی حکومت سندھ میں پیدا ہونے والی گیس پر ڈاکہ مار رہی ہے جس سے صوبے کی عوام کو گیس کی کمی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے مگر پی ٹی آئی کے فردوس شمیم نقوی آئین کی شق پڑھے بغیر ہی وزیر اعلی سندھ پر تنقید کر رہے ہیں کاش نقوی صاحب نے آئین پڑھا ہوتا یا کچھ کہنے سے پہلے مشورہ ہی کر لیتے۔

سیدہ شہلا رضا نے وفاقی وزیر علی محمد کے بیان ’’خان وقت کے امام ہیں" پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے سوال کیا کہ وہ جانتے بھی ہیں کہ امام کیا ہوتا ہے، آخر علی محمد نے خان میں ایسی کیا بات دیکھی کہ اسے اتنے بڑے منصب پر فائز کیا۔ سیدہ شہلا رضا نے کہا کہ کیا عمران نہیں جانتا کہ مکھن لگانے والے کے ہاتھ میں چاقو ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ندیم افضل چن کا معاون خصوصی اور وزیر اعظم کے ترجمان کے عہدے سے استعفیٰ دینا اصل میں وزیر اعظم کی اس دھمکی کا رد عمل ہے کہ کابینہ میں فیصلے کی حمایت کرنا ہر وزیر/ مشیر اور معاونین خصوصی کے لئے لازم ہے۔ اگر کوئی نہیں کرسکتا تو استعفیٰ دے اور باہر جاکر اپنے خیالات کا اظہار کری-۔