پاکستان میں برطانوی کرونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی گئی

ڈریپ نے کراچی کی دوا ساز کمپنی کو آسٹرازینکا کی کرونا ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دے دی، مزید 2 سے 3 ویکسین کی پاکستان درآمد کی اجازت دیے جانے کا امکان

muhammad ali محمد علی ہفتہ 16 جنوری 2021 20:42

پاکستان میں برطانوی کرونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی گئی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16جنوری 2021ء) پاکستان میں برطانوی کرونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی گئی، ڈریپ نے کراچی کی دوا ساز کمپنی کو آسٹرازینکا کی کرونا ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دے دی، مزید 2 سے 3 ویکسین کی پاکستان درآمد کی اجازت دیے جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطقابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے پاکستان میں پہلی کورونا ویکسین کے استعمال کی اجازت دیدی۔

ڈریپ نے برطانوی کورونا ویکسین آسٹرازنیکا کے ہنگامی استعمال کی اجازت دی ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ کراچی کی دوا ساز کمپنی نے برطانوی کورونا ویکسین کے استعمال کی اجازت مانگی تھی۔ درخواست موصول ہونے کے بعد ڈریپ نے اجازت دے دی جس کے بعد اب کراچی کی یہ فارما کمپنی آسٹرازینکا کی کرونا ویکسین پاکستان میں درآمد کرے گی۔

(جاری ہے)

درآمد ہونے والی برطانوی ویکسین کی قیمت حکومت طے کرے گی، جبکہ آئندہ ڈریپ بورڈ اجلاس میں مزید 2 سے 3 ویکسین کی پاکستان درآمد کی اجازت دیے جانا متوقع ہے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ ہم نے کہاتھاکہ پہلی سہ ماہی میں ویکسین آجائے گی اور لگنا بھی شروع ہوجائے گی، ویکسین کیلئے تین لاکھ ہیلتھ ورکرز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، ڈریپ نے ایک ویکسین آسٹرازنیکا کی ایمرجنسی استعمال کی منظوری دے دی ہے، سائنوفارم کی ان پرنسپل ٹیکنیکل کمیٹی منظوری دی چکی ہے، سائنوفارم ویکسین کا کس نام سے اجراء ہوگا یہ فیصلہ پیر منگل تک ہوجائےگا۔

اس سے دو ویکسین فائنل ہوجائیں گے۔ تیسری ویکسین کے ٹرائل فروری کے وسط تک مکمل ہوجائیں گے۔ نتائج مثبت ہوئے تو تیسری ویکسین بھی مارچ تک دستیاب ہوجائےگی۔ صوبوں اور نجی سیکٹر کو ویکسین امپورٹ کرنے کی مکمل اجازت ہے، سندھ حکومت ویکسین منگوائے، ان کی حوصلہ افزائی کریں گے۔