صوبائی وزیر صحت نے ایم ایس گورنمنٹ ٹیچنگ نواز شریف ہسپتال ڈاکٹرگلزار کو قبلہ درست کرنے کی آخری وارننگ دے دی

آئندہ غفلت پر ایم ایس گورنمنٹ ٹیچنگ نواز شریف ہسپتال یکی گیٹ کے خلاف سخت محکمانہ ایکشن لیاجائے گا‘وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد

جمعرات 21 جنوری 2021 16:31

صوبائی وزیر صحت نے ایم ایس گورنمنٹ ٹیچنگ نواز شریف ہسپتال ڈاکٹرگلزار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2021ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے ایم ایس گورنمنٹ ٹیچنگ نواز شریف ہسپتال یکی گیٹ ڈاکٹرگلزار کو قبلہ درست کرنے کی آخری وارننگ دے دی۔وزیرصحت کی ہدایت پر ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹرآصف طفیل نے گورنمنٹ ٹیچنگ نواز شریف ہسپتال یکی گیٹ کا اچانک دورہ کیا۔

دورہ کے دوران ڈاکٹرزکی حاضری نامکمل جبکہ صفائی ستھرائی کے خاطرخواہ انتظامات میں کوتاہی نظرآئی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ گورنمنٹ ٹیچنگ نواز شریف ہسپتال یکی گیٹ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوںکیلئے مختص کئے گئے ٹراما سنٹرز کو بھی مکمل فعال کر دیاگیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ آئندہ غفلت پر ایم ایس گورنمنٹ ٹیچنگ نواز شریف ہسپتال یکی گیٹ کے خلاف سخت محکمانہ ایکشن لیاجائے گا۔

(جاری ہے)

تمام سرکاری ہسپتالوں کے ایم ایس حضرات کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیاجارہاہے۔انتظامی اموراورمریضوں کے علاج میں غفلت،ادویات کی فراہمی میں تعطل یا صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر ایم ایس کے خلاف فوری ایکشن لیاجائے گا۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ آئندہ بھی سرکاری ہسپتالوں کا اچانک دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیاجائے گا۔سرکاری ہسپتالوں کے حالات بدلنے کیلئے سب سے اہم ڈاکٹرزکا رویہ میں تبدیلی اور حاضری کو یقینی بناناہے۔پہلے دن سے ڈاکٹرزکے رویہ میں مثبت تبدیلی اور حاضری کو یقینی بنانے کی جانب توجہ دی جارہی ہے۔