گزشتہ اڑھائی برسوں میں پنجاب میں تمام اہم شعبوں کو ٹیکنالوجی سے لیس کر دیا گیا ہے ‘راجہ یاسر ہمایوں

عوام اور کاروباری شعبے کیلئے آسانیاں لانے‘نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع اور نجی شعبے کی سپورٹ کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے اہم کردار ادا کیا ہے‘صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن

جمعرات 21 جنوری 2021 23:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2021ء) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایات کی روشنی میں گزشتہ اڑھائی برسوں میں پنجاب میں تمام اہم شعبوں کو ٹیکنالوجی سے لیس کر دیا گیا ہے جس سے کرپشن میں کمی‘ ایجنٹ مافیا سے نجات اور دفتری امور کی انجام دہی انتہائی آسان ہو گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا عوام اور کاروباری شعبے کیلئے آسانیاں لانے‘نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع اور نجی شعبے کی سپورٹ کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے یہ ارفع کریم پارک میں معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر راجہ یاسر نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں کے برعکس ہماری توجہ عملی اقدامات کرنے پر ہے۔

ماضی میں کام کرنے کی بجائے ذاتی تشہیر پر زیادہ زور دیا جاتا تھا۔انہوںنے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ میں پنجاب میں گزشتہ تیس ماہ میں مثالی کام ہوا ہے۔اس کا منہ بولتا ثبوت یہ ہے کہ آج پنجاب آئی ٹی کے کئی شعبوں میں دیگر صوبوں کو بھی معاونت اور مدد فراہم کر رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ختم کرنے کا ہمارا کوئی ارادہ نہیں‘ بلکہ حکومت پی ایچ ای سی اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے شعبہ تعلیم میں مزید بہتری لا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا ہم نے ای گورننس کے ذریعے کرپشن کا خاتمہ کیا ہے اور شہریوں کو دفاتر کے چکروں سے نجات دلا دی ہے۔ اب شہری ای پے ایپ سے ٹوکن ٹیکس‘ ای چالان سمیت اٹھارہ ادائیگیاں کر سکتے ہیں۔تعمیراتی شعبے کو ریلیف دینے کیلئے پنجاب میں 10ای خدمت سنٹرز میں نقشہ کی منظوری سمیت کنسٹرکشن کے شعبہ سے متعلق 32 خدمات فراہم کی جا رہی ہیں مزید ای خدمت مراکز کا دائرہ کار بھی بڑھا جا رہا ہے راجہ یاسر نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے اب شہری بغیر وقت اور پیسہ ضائع کئے برتھ سرٹیفکیٹ، ڈیتھ سرٹیفکیٹ‘میرج سرٹیفکیٹ اور طلاق کے کاغذات وغیرہ حاصل کر سکتے ہیں۔

سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے اپنی کوششوں کا زکر کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ 27ممالک کے سمندر پار پاکستانی پولیس سے متعلقہ چھ خدمات اب آن لائن حاصل کر سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا ہم نوجوانوں کو آن لائن آمدنی کمانے اور کاروبار کرنے کی تربیت دے رہے ہیں تاکہ ہمارے پڑھے لکھے نوجوان گھر بیٹھے باعزت روزگار حاصل کر سکیں یا اپنا ان لائن کاروبار شروع کر سکیں۔

راجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ سرکاری سکول و کالج اساتذہ کے تبادلوں میں کرپشن اور سیاسی اثرورسوخ کو ختم کرنے کے لیے ہم نے ای ٹرانسفر سسٹم کا اجراء کیا ہے جس کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں۔ راجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ ہم نے کاروبارکی آن لائن رجسٹریشن کیلئے بزنس رجسٹریشن پورٹل بنائے ہیں۔ پی آئی ٹی بی کے وضع کردہ نظام سے پنجاب بھر کے نجی سکول آن لائن رجسٹرڈ ہو رہے ہیں۔ صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت نجی سافٹ ویئر انڈسٹری کو بھی ساتھ لیکر چلیں گے اور پاکستان کو ایک جدید ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنائیں گے۔