صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں ڈھائی میگا واٹ شمسی توانائی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

جمعہ 22 جنوری 2021 19:32

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2021ء) صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں ڈھائی میگا واٹ شمسی توانائی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت بجلی کے شعبے میں کارکردگی اور استعداد بڑھانے کے لیے تیزی سے کام کر رہی ہے ۔

43جامعات میں بجلی فراہمی کے منصوبہ جات جاری ہیں ۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں لگائے جانے والے شمسی توانائی منصوبے سے 3.906ملین یونٹ سالانہ بجلی پیدا ہو گی جس سے 70ملین روپے کی بچت ہو گی۔ یہ منصوبہ مارچ کے اوآخر میں پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب ،سیکریٹری انرجی ڈیپارٹمنٹ محمد عامر جان ، رکن قومی اسمبلی، مخدوم سید حسن گیلانی ، اراکین صوبائی اسمبلی ، ڈاکٹر محمد افضل اور چوہدری انوار الحق ، صدر بہاول پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز چوہدری تنویر محمود، ڈینز، عمائدین شہر ، میڈیا کے نمائندگا ن ، اساتذہ اور طلباء وطالبات کثیر تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آتے ہی ترجیحات کا عصر نو تعین کیا اور قومی مفادات اور امنگوں کے مطابق پالیسیوں کو ترتیب دیا۔ انرجی ڈیپارٹمنٹ کو فعال کیا گیا اور متباد ل وقابل تجدید ذرائع توانائی کے ذریعے سستی بجلی کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا توانائی کا منصوبہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا بہاول پور کے لیے ایک تحفہ ہے ۔

پنجاب کو سولر صوبہ ڈکلیئر کیا گیا ہے ۔ پنجاب حکومت کے 95ہزار پبلک کنکشن ہیں جن کے لیے حکومت 37ارب روپے کی ادائیگی کرتی ہے ۔ مرحلہ وار ان پبلک کنکشن کو سولر کنکشن پر شفٹ کیا جا رہا ہے ۔اس موقع پر انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی درخواست پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں سینٹر آف ایکسی لینس برائے قابل تجدید توانائی وتربیت کے قیام کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی تدریسی اور تحقیقی کامیابیاں قابل ستائش ہیں اور اس مرکز کے قیام سے توانائی کے شعبے میں تحقیق کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے طلباء وطالبات سے کہا کہ وہ اپنی توانائیاں وطن عزیز کے لیے وقف کر دیںاور اپنی کاوشوں کا مرکز ومحور اپنے ملک کو بنائیں۔اس موقع پر اپنے خطاب میں سیکریٹری توانائی محمد عامر جان نے کہا کہ حکومت پنجاب انرجی مینجمنٹ پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پر میں 2.5میگا واٹ شمسی توانائی منصوبہ انٹرنیشنل سطح کا پراجیکٹ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند برسوں میں صوبہ کے تمام تعلیمی اِدارے اور ہیلتھ مراکز شمسی توانائی پر منتقل کر دیے جائیں گے۔ حکومت کے انرجی کے منصوبہ میں شاندار اقدام سے پنجاب بڑا صوبہ بنے گا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کہا کہ آج کا دن جامعہ کے اساتذہ اور طلباء وطالبات کے لیے تاریخی موقع ہے کہ حکومت پنجاب اور خصوصاً انرجی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اس قابل تجدید توانائی کے اس منصوبے سے طلبا وطالبات کو اپنی تحقیقی جہتوں کو اور توانائی کے متبادل ذرائع کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے جامعہ میں آمد پر سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت پر صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک، سیکریٹری توانائی محمد عامر جان ، سیکریٹری انرجی ڈیپارٹمنٹ محمد عامر جان ، رکن قومی اسمبلی، مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی ، اراکین صوبائی اسمبلی و ممبر سینڈیکیٹ ڈاکٹر محمد افضل اور چوہدری انوار الحق ، صدر بہاول پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز چوہدری تنویر محمودکا شکریہ ادا کیا۔

اس سے قبل صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک، سیکریٹری توانائی محمد عامر جان ، سیکریٹری انرجی ڈیپارٹمنٹ محمد عامر جان ، رکن قومی اسمبلی، مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی ، اراکین صوبائی اسمبلی و ممبر سینڈیکیٹ ڈاکٹر محمد افضل اور چوہدری انوار الحق نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے سولر پارک کا دورہ کیا۔ اس منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ اس منصوبے سے 3.9میگا واٹ بجلی حاصل ہونے کی توقع ہے اور یہ منصوبہ 31مارچ تک مکمل کیا جائے گا۔

اس موقع پر انہوں نے سولر پارک میں وزیراعظم پاکستان کلین اور گرین مہم کے تحت پودے بھی لگائے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے اُنہیں جامعہ جاری تدریسی ، ترقیاتی او ر ہم نصابی سرگرمیوں خصوصاً کووڈ 19کے تناظر میں آن لائن کلاسز اور امتحانات کے بارے میں آگاہ کیا