چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین(ر)پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب

اتوار 24 جنوری 2021 19:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2021ء) چیئرمین واپڈالیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے جنرل کونسل کے ممبران نے انہیں 2021-25 آئندہ ٹرم کے لئے منتخب کیا ہے، وہ اب پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے نئے سربراہ ہوں گے۔پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران اور دیگر عہدیداران میں محمد خالد محمود صدر، محمد اصغر ایگزیکٹو نائب صدر، کیپٹن اسد علی عمران پی این، ایئر کموڈور ندیم اجمل خان اورمحمد صادق نائب صدر، بیگم عشرت اشرف اور شہناز کمال لیڈی نائب صدر، لیفٹیننٹ کرنل (ریٹائرڈ)محمد ناصر اعجاز تنگ سیکریٹری جنرل،لیفٹیننٹ کرنل نبیل احمد رانا ایسوسی ایٹ سیکریٹری جنرل/ جوائنٹ سیکریٹری، سمیرا ستار لیڈی ایسوسی ایٹ سیکریٹر ی جنرل/ جوائنٹ سیکریٹری،محمد زعیم نثار چودھری خزانچی،محمد اعجاز، سید حفیظ الرحمن آغا، سید کمال خان، عبدالرزاق ایگزیکٹو ممبران، فریحہ فاروق خان، اسما اکرم، عابد ہ چنگیز اور زاہدہ خاتون قریشی لیڈی ایگزیکٹو ممبران شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان باکسنگ فیڈریشن میں خواتین کی ایگزیکٹو کمیٹی میں 35فیصد اور ایگزیکٹو جنرل کونسل میں 40فیصد شمولیت پہلی بار ممکن ہوئی ہے۔پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے نئے منتخب ممبران نے اویس علی خان کو ایتھلیٹس کمیشن اور رخسانہ پروین کو سیکریٹری منتخب کئے جانے کو خوش آئند قرار دیا۔چیئرمین واپڈا / پاکستان باکسنگ فیڈریشن لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے پاکستان میں باکسنگ کے فروغ اور ترقی کے لئے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے الیکشن کمیشن کے ممبران اور دیگر شرکا کا ان پر اعتماد کرنے اور باکسنگ فیڈریشن کے چیئرمین منتخب کرنے پر شکریہ اد ا کیا۔

انہوں نے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے عہدیداران کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن نوجوان ایتھلیٹس کے لئے سکالر شپ پروگرام متعارف کرائے گی اور باکسرز کی ٹریننگ کے لئے حکومتی سطح پر کوشش کرے گی۔انہوں نے پاکستان کے نوجوان ایتھلیٹس کے لئے کیمپ کے انعقاد پر آرمی سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کی پیش کش کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب پر لازم ہے کہ باکسنگ کے قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے تمام خواہش مند اداروں کا باکسنگ کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن، انٹر نیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے قوانین کو مد نظر رکھتے ہوئے اِن تمام اداروں کو مکمل تعاون فراہم کریں گے۔انہوں نے باکسرز کو ملک اور قوم کا نام قومی اور عالمی سطح پر روشن کرنے کے لئے اولمپکس میں بھر پور شرکت کرنے پر زور دیا۔