سی پیک کے مکمل ہونے والے منصوبوں کی بدولت آمد ورفت کے بنیادی ڈھانچے اور بجلی کی فراہمی میں بہتری آئی ہے، حکام سرمایہ کاری بورڈ

بدھ 27 جنوری 2021 13:55

سی پیک کے مکمل ہونے والے  منصوبوں کی بدولت آمد ورفت کے بنیادی ڈھانچے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2021ء) حالیہ برسوں میں سی پیک کی تعمیر کے حوالے سے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔سرمایہ کاری بورڈ کے حکام کے مطابق  پاکستان میں 25 ارب ڈالرسے زائد کی براہ راست سرمایہ کاری لائی گئی ہے۔ ابھی حال ہی میں لاہور میں اورنج لائن عوام کے لئے فعال ہو چکی ہے جس سے پاکستان میٹرو کے دورمیں داخل ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

تاحال تکمیل شدہ منصوبوں کی بدولت پاکستان میں آمد ورفت کے بنیادی ڈھانچے اور بجلی کی فراہمی میں بہتری آئی ہے، پاکستانی عوام کو 70 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع میسر آئے ہیں جبکہ پاکستان کی جی ڈی پی نمو میں سالانہ تناسب ایک تا دو پرسینٹج پوائنٹس ہے۔ سی پیک منصوبہ جات کی بدولت پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے فروغ میں نمایاں مدد ملی ہے۔

سی پیک نہ صرف چین اور پاکستان کی اقتصادی و سماجی ترقی کے لئے اہم ہے بلکہ علاقائی خوشحالی اور مشترکہ تعمیر کے فروغ میں بھی اس منصوبے کی نمایاں حیثیت ہے۔ مثلاً رواں برس کی پہلی ششماہی کے دوران گوادر بندرگاہ سے گندم، چینی اور کھاد سمیت بیس ہزار میٹرک ٹن سے زائد مصنوعات افغانستان بھیجی گئی ہیں جبکہ تقریباً ایک ہزار روزگار کے مواقع ملے ہیں۔