زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں قائم کئے گئے یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف ایگریکلچر کے تعاون سے انڈوومنٹ فنڈ کے سالانہ ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس

اجلاس میں ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اٹھارہ تحقیقی و ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ منصوبہ جات کی منظوری کے لئے سفارش کر دی گئی

جمعرات 18 فروری 2021 18:07

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں قائم کئے گئے یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف ایگریکلچر ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 فروری2021ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں قائم کئے گئے یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف ایگریکلچر کے تعاون سے انڈوومنٹ فنڈ کے سالانہ ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اٹھارہ تحقیقی و ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ منصوبہ جات کی منظوری کے لئے سفارش کر دی گئی ہے جسے بعدازاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں حتمی منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔

زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر کی زیرصدارت ہونے والی میٹنگ میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز ڈاکٹر نسیم احمد، وائس چانسلر غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر محمد طفیل، ڈائریکٹر جنرل ریسرچ پنجاب ڈاکٹر ظفراقبال، ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع ڈاکٹر محمد انجم بٹر، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لینکجز بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی ڈاکٹر عطاء موسیٰ، لائیوسٹاک آفیسر رائے شفقت، ڈین کلیہ جات زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر جاوید اختر، ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی، ڈاکٹر محمد اصغر باجوہ،ڈاکٹر سرفراز حسن، ڈاکٹر اسلم مرزا، ڈاکٹر مسعود صادق بٹ، انڈوومنٹ فنڈ سیکرٹریٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمود احمد رندھاوا اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر ڈاکٹر آصف تنویر نے کہا کہ یونیورسٹی دیگر تحقیقی ادارہ جات کے ساتھ مل کر قابل عمل تحقیقی پیش رفت پر کام کر رہی ہے جس سے اہداف پر مبنی تحقیق کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ سائنسدان ملکی زرعی پیداواریت اور ویلیو ایڈیشن کو ترقی دینے کے لئے مربوط کاوشیں بروئے کار لاتے ہوئے ترقی یافتہ ممالک کے مساوی نتائج حاصل کرنے پر توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی محکمہ زراعت کی جانب سے یونیورسٹی میں قائم کیا جانے والا انڈوومنٹ فنڈ زرعی تحقیق اور ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ کے حوالے سے بھرپور کاوشیں بروئے کار لا رہا ہے جس میں ملک بھر سے سائنسدانوں کی جانب سے پیش کی جانے والی تحقیقی تجاویز کا جائزہ لے کر انہیں منظوری کے عمل سے گزارا جاتا ہے۔ ڈاکٹر محمود احمد رندھاوا نے کہا کہ انڈوومنٹ فنڈ اپنے دائرہ کار کے تحت فعال کردار ادا کر رہا ہے جسے ملک کے اعلیٰ تحقیقی اداروں اور جامعات کے سربراہان کی نگرانی میں ریسرچ فنڈنگ کے عمل سے گزارا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبہ جات کی شفافیت اور مانیٹرنگ کے لئے مربوط حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے جس کے ذریعے تمام منصوبے بروقت مکمل کئے جاتے ہیں۔