وزیر اعظم عمران خان آج سری لنکا کے 2روزہ دورے پر روانہ ہونگے

بھارت میں پاکستانی وزیراعظم کے دورے سے بے چینی‘عمران خان نے سری لنکا کی پارلیمان سے خطاب بھی کرنا تھا جو نامعلوم وجوہات کی بنا پر ملتوی کردیا گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل فروری 13:10

وزیر اعظم عمران خان آج سری لنکا کے 2روزہ دورے پر روانہ ہونگے
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 فروری ۔2021ء) وزیر اعظم عمران خان آج سری لنکا کے دورے پر روانہ ہورہے ہیں جس سے جہاں سری لنکن مسلمانوں کی کچھ امید بندھی ہے وہیں بھارت میں اس حوالے سے خدشات ہیں کیوں کہ وہاں اس دورے کو سری لنکا میں چینی اثر و رسوخ بڑھانے کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے.

(جاری ہے)

عمران خان دو روزہ دورے پر آج کولمبو پہنچیں گے اور ان کے وہاں پہنچنے سے پہلے جس بات پر تبصرے ہو رہے ہیں وہ یہ ہیں کہ آخر ان کا سری لنکن پارلیمان سے خطاب کیوں منسوخ کیا گیا سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجا پکشے نے گذشتہ ہفتے پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ حکومت کووڈ19 سے مرنے والے مسلمان شہریوں کو دفنانے کی اجازت دے گی سری لنکا میں کووڈ 19 سے ہلاک ہونے والے ہر شخص کی میت کو لازمی طور پر جلایا جاتا ہے جس سے مسلمان کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں.

سری لنکا کے وزیر اعظم کے اس بیان کو پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر سراہا تھا یہ سب ایک ایسے موقع پر ہوا جب سری لنکا اقوام متحدہ کے ہیومن رائٹس کونسل کے 46ویں اجلاس میں پاکستان کے ذریعے او آئی سی کے ممبران کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جہاں سری لنکا کو مبینہ طور پر مسلمانوں کے مذہبی حقوق کی خلاف ورزی کے الزام کا سامنا ہے وزیر اعظم راجا پکشے کی جانب سے پارلیمنٹ میں کووڈ 19 سے مرنے والے مسلمانوں کو دفنانے سے متعلق بیان کے چند گھنٹوں بعد ہی سری لنکا کی حکومت نے کہا کہ کووڈ 19 سے مرنے والے افراد کی میت کو جلانے کی پالیسی جاری رہے گی اور اس پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی.

حکومت کے اس بیان نے سری لنکا کے مسلمانوں کو مجبور کیا کہ وہ پاکستان کے وزیر اعظم سے مداخلت کی اپیل کریں برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے سری لنکا کے دورے سے قبل سری لنکا کے مقامی میڈیا پر ایسی خبریں سامنے آئی ہیں کہ پاکستان کے وزیراعظم کا سری لنکا کی پارلیمان سے خطاب کا منصوبہ منسوخ کر دیا گیا ہے نہ تو سری لنکا اور نہ ہی پاکستان کی حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کے پارلیمنٹ سے خطاب کے پروگرام میں تبدیلی کی کوئی وجہ بیان کی ہے.

ادھر پاکستان کی وزارت خارجہ نے وزیر اعظم کے دورے سے متعلق جو پلان جاری کیا اس میں ایسے کسی خطاب کا کوئی ذکر نہیں ہے اور نہ ہی پاکستان نے اب تک سری لنکا میں اس حوالے سے چلنے والی خبروں پر کسی قسم کا کوئی تبصرہ کیا ہے ‘ کولمبو میں ایک سفارت کار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر نشریاتی ادارے کو بتایا کہ پاکستانی وزیر اعظم کے سری لنکا کی پارلیمنٹ سے خطاب کے پروگرام کو منسوخ کرنے کی وجہ شاید مسلمانوں کو دفنانے کے حوالے سے پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو دور کرنا تھاجن کا پاکستان کے وزیراعظم نے خیر مقدم کیا تھا سری لنکا کے مسلمان شہریوں کے لیے مسلمان ملک کے سربراہ کا دورہ ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتا ہے کیونکہ وہ خود کو مسلم امہ کا حصہ تصور کرتے ہیں.

پاکستان کے وزیر اعظم عمران کا سری لنکا کا دورہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب سری لنکا اور بھارت کے تعلقات میں تلخیاں پیدا ہو چکی ہے اس تلخی کی وجہ سری لنکا کے صدر گوتابایا راجا پکشے کی طرف سے بھارت کے ایڈہانی گروپ کے سری لنکا کی بندرگاہ میں ٹرمینل تعمیر کرنے کا منصوبہ منسوخ کرنا ہے اس ٹرمینل کی تعمیر کے لیے بھارت کے وزیراعظم نریندرا مودی نے خاص طور پر ایڈہانی گروپ کو چنا تھا سری لنکا کی پورٹ پر ایسٹ کنٹینر ٹرمینل اس ٹرمینل کے بلکل ساتھ تعمیر کیا جانا تھا جو چین نے تعمیر کیا ہے.

سری لنکا اور بھارت کے تعلقات میں اس وقت مزید تلخیاں پیدا ہو گئیں جب سری لنکا نے بھارت کی سرحد کے قریب اپنے شمالی جزیروں میں چین کو توانائی کو دوبارہ قابل استعمال بنانے کا منصوبہ شروع کرنے کی اجازت دی جو بھارت کے لیے ایک بڑا سکیورٹی خطرہ بن چکا ہے ابتدا میں سری لنکا کے حکام نے کہا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی طرح پاکستانی وزیر اعظم عمران خان بھی اپنے دورے کے دوران سری لنکا کی پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے لیکن بعد میں حکام نے کہا کہ وزیراعظم کے دورے کے پروگرام میں تبدیلی کر دی گئی ہے اور اب وہ پارلیمنٹ سے خطاب نہیں کریں گے نہ تو سری لنکا اور نہ ہی پاکستان کی حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کے پارلیمنٹ سے خطاب کے پروگرام میں تبدیلی کی کوئی وجہ بیان کی ہے.

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ بھارت ہے جو پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سری لنکا پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کے وزیر اعظم نے سری لنکن پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران کشمیر کے مسئلے پر بات کی تو اس سے سری لنکا اور بھارت کے تعلقات مزید خراب ہونے کا اندیشہ تھا. سری لنکا کی وزرت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اپنے دورے کے دوران اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کے علاوہ ’بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم‘ سے بھی ملاقات کریں گے پاکستان اور سری لنکا کے وزرائے اعظم کی موجودگی میں دو طرفہ تعاون کی کئی یاداشتوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے وزیر اعظم عمران خان کے 2021 کے پہلے بیرون ملک دورے میں تجارتی وفد بھی شامل ہو گا جس میں ٹیکسٹائل، گارمنٹس، فارماسیوٹیکل، ایگرو فوڈ، کھیلوں کی اشیا، جیولری اور آٹو پارٹس کی صنعت کے نمائندے شامل ہوں گے.