سینیٹ انتخابات ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقاتی کمیٹی کا ویڈیو میں نظر آنے والے ارکان اسمبلی کو نوٹس

سینیٹرز وضاحت کریں کہ وہ ووٹوں کی خریدو فروخت میں ملوث تو نہیں ہوئے، یا انہیں کسی نے مالی معاونت تو نہیں دی، کمیٹی

بدھ 24 فروری 2021 23:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2021ء) سینیٹ انتخابات ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقاتی کمیٹی نے ویڈیو میں نظر آنے والے ارکان اسمبلی کو نوٹس جاری کردیئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سینیٹ انتخابات میں ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقاتی کمیٹی کا تیسرا اجلاس وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں منعقد ہوا، جس میں کمیٹی کے ارکان شیریں مزاری، فواد چوہدری اور شہزاد اکبر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے ویڈیو میں نظر آنے والے ارکاناسمبلی کو نوٹسز جاری کردیئے، نوٹس میں کمیٹی نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے ممبران 7 دن میں پیش ہو کر مؤقف پیش کریں۔ذرائع کے مطابق کمیٹی نے کم ووٹوں کے باوجود سینیٹر منتخب ہونے والے سینیٹرز روبینہ خالد، پہرہ مند تنگی، دلاور خان اور مشتاق احمد خان کو بھی طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کمیٹی نے مؤقف اختیار کیا کہ پارٹی ووٹ نہ ہونے کے باوجود وہ سینیٹر کیسے منتخب ہوئی سینیٹرز وضاحت کریں کہ وہ ووٹوں کی خریدو فروخت میں ملوث تو نہیں ہوئے، یا انہیں کسی نے مالی معاونت تو نہیں دی۔ کمیٹی کا اگلا اجلاس آئندہ ہفتے ہوگا۔