سینیٹ الیکشن میں حکومت کو شکست دینے کی کوششوں میں مصروف اپوزیشن خود ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی

اپوزیشن کے 17 اراکین قومی اسمبلی نے مجھ سے رابطہ کیا ہے، سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کیساتھ کوئی مقابلہ نہیں بنتا، حفیظ شیخ باآسانی فتح حاصل کریں گے: شہباز گل

muhammad ali محمد علی اتوار 28 فروری 2021 00:15

سینیٹ الیکشن میں حکومت کو شکست دینے کی کوششوں میں مصروف اپوزیشن خود ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 فروری2021ء) سینیٹ الیکشن میں حکومت کو شکست دینے کی کوششوں میں مصروف اپوزیشن خود ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی جانب سے اپوزیشن اتحاد میں بڑی دراڑیں پڑنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ شہباز گل کی جانب سے ہفتے کے روز جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ اپوزیشن کے کئی اراکین قومی اسمبلی ان سے رابطے میں ہیں۔

رہنما تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ اپوزیشن کے 17 اراکین قومی اسمبلی نے مجھ سے رابطہ کیا ہے، سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کیساتھ کوئی مقابلہ نہیں بنتا، حفیظ شیخ باآسانی فتح حاصل کریں گے۔ تاہم دوسری جانب مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدررانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں کبھی سینیٹ الیکشن میں منڈی نہیں لگی، سب نے خاموشی کے ساتھ کورنگ امیدوار واپس لے لیے ہیں۔

(جاری ہے)

بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں منڈی لگتی ہے، پنجاب میں سینیٹ الیکشن پرایڈجسٹمنٹ کسی مذاکرات یا سیٹلمنٹ کا نیتجہ نہیں۔ پنجاب میں اگر رسک لیا جاتا تو مقابلہ ہوتا۔ لیکن رسک لینا کسی نے مناسب نہیں سمجھا۔ یوسف رضا گیلانی سینیٹ الیکشن جیت گئے تو حکومت کا باقی رہنا مشکل ہوگا، پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی نے ووٹ کے عوض انتخابی ٹکٹ کا مطالبہ کیا ہے، ہماری یقین دہانی پر ووٹ یوسف رضا گیلانی کو پڑیں گے۔

پچھلے سال بجٹ اجلاس میں ان کے 22 لوگ ووٹ دینے کوتیارنہیں تھے۔ جبکہ سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کے جوڑ توڑ کے حوالے سے سینئر صحافی و تجزیہ کار چوہدری غلام حسین کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اپوزیشن کے شور مچانے کے باوجود تحریک انصاف کے حفیظ شیخ سینیٹ الیکشن میں فتح حاصل کریں گے۔ سینئر صحافی کا دعویٰ ہے کہ حفیظ شیخ سینیٹ کی نشست کے الیکشن پر ووٹوں کی ڈبل سینچری اسکور کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتوں کی قومی اسمبلی نشستوں کی تعداد 176 ہے، یوں اگر حفیظ شیخ ووٹوں کی ڈبل سینچری اسکور کرتے ہیں، یعنی انہیں 200 یا اس سے زائد ووٹ ملتے ہیں، تو یہ حکومتی نشستوں کے مقابلے میں درجنوں زائد ووٹ ہوں گے۔