سینیٹ انتخابات میں ہمارے تمام اتحادی ہمارے ساتھ ہیں،خرم شیرزمان

سینیٹ انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر مکمل اطمنان کا اظہار کرتے ہیں،رہنما پی ٹی آئی

پیر 1 مارچ 2021 18:11

سینیٹ انتخابات میں ہمارے تمام اتحادی ہمارے ساتھ ہیں،خرم شیرزمان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2021ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زما ن نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں ہمارے تمام اتحادی ہمارے ساتھ ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے تمام اراکین اپنی پارٹی اور قیادت سے مخلص ہیں، انشاللہ سینیٹ انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کریں گے۔اراکین اپنے ضمیر کے مطابق پی ٹی آئی اور اتحادیوں کو سینیٹ میں ووٹ دیں گے۔

پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پیپلز پارٹی کے 12 اراکین ہم سے رابطے میں ہیں۔ ملک کے وسائل کو لوٹ کر کھانے والی پی ڈی ایم جماعتوںکو سینیٹ الیکشن میں صرف مایوسی ہوگی۔ پی ڈی ایم ہمیشہ ناکام ہوئی سینیٹ میں بھی تاریخی ناکامی کا سامنا کریگی۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف سینیٹ میں اکثریت لے کر ملک کے عوام کی بہتر طریقے سے خدمت کرے گی اور آئندہ سینیٹ کا چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سے ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹ انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر مکمل اطمنان کا اظہار کرتے ہیں۔ عادت سے مجبور اپوزیشن رہنماوں نے فیصلے کو پڑھے بغیر بیان بازیاں شروع کردی ہے۔ عدالتی فیصلے میں واضح ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی شفافیت کو ہر ممکن اقدامات کرے ۔ اپوزیشن اب اپنے سیاسی گھوڑے نہیں دوڑا سکے گی ۔ اپوزیشن کے سیاسی گھوڑے عوام کی خدمت کے بجائے مال بنانے کے لئے ایوان میں پہنچے ہیں۔

انہوں مزید کہا کہ ہمیں کپتان کے کھلاڑی اور پارٹی کے نظریاتی کارکن ہونے پر فخر ہے، اوپن بیلٹ کے ذریعے انتخابات کروانے کی تجویز پی ٹی آئی کے نظریہ کی عکاسی کرتی ہے۔اپوزیشن پارٹیاں خفیہ بیلٹنگ پر ڈھول بجانے کے بجائے اپنے اراکین اسمبلی کی فکر کرے۔ خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی ہی ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے کا واحد حل ہے۔ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے سینیٹ کے انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے اقدامات کرے۔