سعودی عرب میں ویکسین کے حوالے سے منفی پراپیگنڈہ ہونے لگا

وزارت صحت کے مطابق ایک وائرل پوسٹ ”10 حالات میں کورونا ویکسین نہیں لینی چاہیے“ بے بنیاد معلومات پر مبنی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 4 مارچ 2021 16:01

سعودی عرب میں ویکسین کے حوالے سے منفی پراپیگنڈہ ہونے لگا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 مارچ2021ء) سعودی عرب میں بھی گزشتہ چند ہفتوں سے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے۔ ابھی تک بہت سے سعودی عوام ویکسین لگوانے کے حوالے سے مخمصے کا شکار ہیں۔جس کی ایک بڑی وجہ چند شر پسند عناصر کی جانب سے سوشل میڈیا پر ویکسین کے حوالے سے کیا جانے والامنفی پراپیگنڈہ ہے۔ گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ بہت وائرل ہوئی ہے جس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ 10 ایسے حالات ہیں جن میں ویکسین نہیں لگوانی چاہیے، ورنہ مضر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

اس پوسٹ سے بہت سے لوگ متاثر ہو رہے تھے۔جس سے یہ خدشہ جنم لے رہا تھا کہ بہت سے سادہ لوح افراد ویکسین لگوانے کے حوالے سے خوف کا شکار نہ ہو جائیں۔ تاہم اس حوالے سے سعودی وزارت صحت کا بیان سامنے آیا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ پوسٹ بے بنیاد ہے اور اس میں کیے جانے والے دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ لوگ بے خوف و خطر ویکسین لگوائیں۔

کسی بھی ویکسین کا کوئی بھی نقصان دہ رد عمل سامنے نہیں آیا۔ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ شہری وغیر ملکی بھی کورونا کے حوالے سے اپنے سوالات ٹوئٹر پر وزارت کے اکاوٴنٹ کے ذریعے پوچھ سکتے ہیں جن کے جوابات وہ خود دیں گے۔ شہریوں اور تارکین کو ویکسین کے حوالے سے درپیش تحفظات پر وزارت صحت سے براہ راست رابطہ کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ چند ہفتے قبل سعودیہ میں ویکسین کے حلال یا حرام ہونے کے حوالے سے بھی خاصا منفی پراپیگنڈہ کیا گیا ہے۔ تاہم سعودی عرب کی ایک انتہائی اہم مذہبی شخصیت نے بھی ویکسین لگوا کر ان تمام اندیشوں کو غلط ثابت کر دیا ہے۔سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے بھی گزشتہ ماہ کورونا سے بچاؤ کے لیے فائزر بائیو این ٹیک کی ویکسین لگوا لی تھی۔

شیخ عبدالعزیز ویکسین کا انجکشن لگوانے کے لیے ریاض ویکسی نیشن سنٹر پہنچے۔ جہاں ویکسین لگوانے کے بعد انہوں نے اُمت مُسلمہ کو پیغام دیا ”ویکسین اللہ کی نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے۔“ انہوں نے مزید کہا کہ وبا سے تحفظ کی خاطر ہر ایک کو ویکسین لازمی لگوانی چاہیے۔ حکومت کی جانب سے شہریوں اور تارکین وطن کے لیے ویکسین کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس سے ہر ایک کو جلد از جلد استفادہ کرنا چاہیے۔